جمعہ 5 جون 2026 - 16:02
درگاہ حضرت عباس (ع) لکھنؤ میں نماز عیدِ غدیر کا اہتمام، مومنین کی کثیر تعداد میں شرکت

حوزہ/ عید اللہ الاکبر عیدِ غدیر کے موقع پر لکھنؤ میں درگاہ حضرت عباس علیہ السلام میں اعمالِ عیدِ غدیر کا اہتمام کیا گیا، جہاں مولانا مرزا جعفر عباس نے نمازِ عیدِ غدیر کی امامت کی، جبکہ مومنین کے درمیان صیغۂ اخوت بھی پڑھا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عیدِ اکبر عیدِ غدیر کے پرمسرت موقع پر لکھنؤ میں درگاہ حضرت عباس علیہ السلام میں ایک عظیم الشان مذہبی اجتماع منعقد ہوا، جس میں مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عیدِ غدیر کے مخصوص اعمال انجام دیے گئے اور اعلانِ ولایتِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی یاد تازہ کی گئی۔

حجۃالاسلام مولانا مرزا جعفر عباس نے نمازِ عیدِ غدیر کی امامت کی، جس میں مؤمنین نے بھرپور شرکت کی۔ نماز کے بعد حاضرین کے درمیان صیغۂ اخوت پڑھا گیا اور ایک دوسرے کو عیدِ غدیر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے باہمی بھائی چارے، محبت اور وحدت کے عہد کی تجدید کی گئی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں واقعۂ غدیر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غدیر صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کی رہنمائی اور ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام کا ابدی منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدِ غدیر ہمیں آپس میں محبت، اخوت اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتی ہے

اعمال کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمِ اسلام کی سربلندی اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر انجمن سفینۃ النجات کی جانب سے تمام مؤمنین کو عیدِ سعید غدیر کی دلی مبارکباد بھی پیش کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha