جمعرات 11 جون 2026 - 01:24
ایران مخالف امریکی قرارداد سیاسی اور غیر قانونی اقدام ہے

حوزہ / ایران کے وزیر خارجہ نے IAEA کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے امریکا اور تین یورپی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کو سیاسی، جانبدارانہ اور غیرقانونی قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے خط میں کہا: موجودہ بحران کا اصل ذمہ دار امریکا ہے لہذا اسے بورڈ آف گورنرز کے پلیٹ فارم کو اپنے غیرقانونی اقدامات کے لیے جواز فراہم کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

انہوں نے امریکی قرارداد کے مسودے کو بدنیتی پر مبنی سیاسی اقدام قرار دیتے ہوئے رکن ممالک سے اس کی مخالفت کا مطالبہ کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا: جون 2025ء میں بورڈ آف گورنرز کی قرارداد کی منظوری کے چوبیس گھنٹوں کے اندر اسرائیل اور امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے، جن میں متعدد ایرانی شہری شہید ہوئے۔ کیا جوہری ایجنسی ایک بار پھر پرامن جوہری تنصیبات کے خلاف جارحیت کے جواز کا ذریعہ بننے جارہی ہے؟۔

انہوں نے کہا: امریکی قرارداد موجودہ صورتحال کے اسباب کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف نتائج پر توجہ مرکوز کرتی ہے جبکہ اصل بحران پیدا کرنے والے عوامل کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔

عباس عراقچی نے رکن ممالک کو متنبہ کیا کہ ان کا فیصلہ صرف ایران کے جوہری معاملے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ایجنسی کی ساکھ، خودمختاری اور این پی ٹی کے مستقبل پر بھی اثر انداز ہو گا لہذا رکن ممالک ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قرارداد کو مسترد کریں تاکہ صورتحال مزید پیچیدہ نہ ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha