حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 19 ذوالحجہ بروز جمعہ، مدرسہ الواعظین نجفِ اشرف میں عیدِ سعیدِ غدیر کی پُرمسرت مناسبت اور مدرسہ الواعظین کے قیام کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک شاندار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت محفل میں علماءِ کرام، طلابِ علومِ دینیہ، مبلغین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، اس کے بعد مولانا سید اظہار عباس نے مدرسہ کی ایک سالہ تعلیمی، تبلیغی اور تربیتی خدمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے مدرسہ کے قیام کے مقاصد، ا اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو اس علمی و تبلیغی سفر سے آگاہ کیا۔
اسی موقع پر S.K.I Foundation کے افتتاح کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔ مولانا موصوف نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد، دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا۔ حاضرینِ محفل نے اس اعلان کا بھرپور خیر مقدم کیا اور اس ادارے کو معاشرے کی خدمت کے لیے ایک امید افزا قدم قرار دیا۔
بعد ازاں، سماحة الشیخ جعفر علی یعسوبی، وکیلِ مرجعِ تقلید آیة اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی، نے خطاب فرمایا۔ آپ نے عیدِ غدیر کی تاریخی، اعتقادی اور دینی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے اس عظیم دن کو ولایتِ امیرالمؤمنین حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام کے اعلانِ الٰہی کا دن قرار دیا۔ ساتھ ہی مبلغین اور واعظین کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ دور میں دینِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی صحیح تعلیمات کو معاشرے تک پہنچانا ایک عظیم فریضہ ہے، جس کے لیے اخلاص، علم اور عملی نمونہ بننا ناگزیر ہے۔
تقریب کے اختتام پر امامِ عصر حضرت حجۃ بن الحسن العسکری علیہ السلام کے ظہورِ پُرنور کی دعا کی گئی۔ نیز مدرسہ الواعظین اور S.K.I Foundation کے بانی، حجۃ الاسلام والمسلمین سید اشرف الغروی کے لیے مزید توفیقاتِ خیر، صحت و سلامتی اور دینی خدمات میں برکت کی خصوصی دعا کی گئی۔ ساتھ ہی دونوں اداروں کی مسلسل ترقی، کامیابی اور امتِ مسلمہ کی خدمت میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دعائیں پیش کی گئیں۔









آپ کا تبصرہ