حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف عراق میں تقریبِ حلف برداری و الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں حجۃ الاسلام مولانا شیخ مجیر محمد میثمی نے بطور نمائندۂ قائد و مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھایا۔ اس تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حجۃ الاسلام مولانا شیخ نذر حسین نے حاصل کی۔ بعد ازاں حجۃ الاسلام مولانا شیخ محسن نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر دفتر کے سابق نمائندۂ قائد و مدیر محمد سلیم انور کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں دفتر کی کابینہ، اراکینِ مجلسِ عاملہ اور نظارت کے معزز علماء کرام کا تعاون، محبت اور ساتھ دینے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اپنے دورِ ذمہ داری میں تعاون کرنے والے تمام احباب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بعد ازاں حجۃ الاسلام مولانا شیخ مجیر محمد میثمی نے اپنی نئی ذمہ داری کا حلف اٹھایا۔ انہوں نے نظارت کے معزز علماء کرام اور دفتر کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ وہ پورے عزم، اخلاص، نظم و احساسِ ذمہ داری کے ساتھ دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا: دفتر کے امور کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھانے اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر سیکرٹری نظارت حجۃ الاسلام مولانا شیخ صابر حسین جوادی نے دعائیہ کلمات ادا کیے۔ انہوں نے دفتر کی کامیابی، علماء کرام اور تمام اراکین کی توفیقات میں اضافے اور نئے نمائندۂ قائد و مدیر کے لیے سربلندی و کامیابی کی دعا کی۔
آخر میں دعائے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔










آپ کا تبصرہ