حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کارگل کے شعبۂ خواتین "بسیج زینبیہ" کے زیر اہتمام زینبیہ ہال، حیدری محلہ کارگل میں یومِ علی اصغر علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام کے 6 ماہ کے شیر خوار فرزند حضرت علی اصغر علیہ السلام کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں کارگل کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں شیر خوار بچوں نے اپنی ماؤں کے ہمراہ شرکت کی۔ یہ اجتماع واقعۂ کربلا کے پیغام سے عقیدت اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت کا عملی اظہار تھا۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید مصطفیٰ موسوی نے حضرت علی اصغر علیہ السلام کی شہادت کی اہمیت اور اس کے آفاقی پیغام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے اس معصوم شہید کی قربانی ظلم کے خلاف مزاحمت، حق و صداقت پر استقامت اور عدل و انصاف کے قیام کی ایک لازوال علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی اصغر علیہ السلام کی یاد مومنین کے دلوں میں انسانیت، عزت، ایمان اور انصاف کے ان اقدار کو مضبوط کرتی ہے جن کے لیے امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا ساتھیوں نے قربانیاں پیش کیں۔

آغا سید مصطفیٰ موسوی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت اسلامی تعلیمات اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کی روشنی میں کریں تاکہ نئی نسل دینی اور اخلاقی اقدار سے آراستہ ہو سکے۔
تقریب کے اختتام پر دنیا میں امن، انصاف اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔









آپ کا تبصرہ