بدھ 1 جولائی 2026 - 23:32
صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کا سید سلمان ندوی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

حوزہ/ صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی نے سید سلمان حسینی ندوی کے انتقالِ پُرملال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی نے مولوی سید سلمان حسینی ندوی کے انتقالِ پُرملال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

انہوں نے ممتاز عالم دین، سید سلمان حسینی ندوی کے وصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت سے عالم اسلام ایک ایسے صاحب علم، صاحب بصیرت اور باوقار دینی رہنما سے محروم ہوگیا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی اشاعت، امت مسلمہ کی فکری رہنمائی، علمی خدمات اور دعوت دین کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

آغا سید حسن موسوی الصفوی نے کہا کہ سید سلمان حسینی ندوی اپنے عالمانہ وقار، وسیع مطالعے، مؤثر خطابت، اعتدال پسند فکر اور امت کے اجتماعی مسائل پر گہری نظر رکھنے کے باعث عالم اسلام میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔ ان کی علمی و دینی خدمات، تصنیفی سرمایہ، دعوتی کاوشیں اور ملت اسلامیہ کی وحدت و بیداری کے لیے مسلسل جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔

آغا سید حسن موسوی الصفوی نے بارگاہ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سید سلمان حسینی ندوی کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات عطا کرے، ان کی تمام دینی و علمی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور پسماندگان، اہل خانہ، متعلقین، تلامذہ اور پوری امت مسلمہ کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha