حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہید اُمت،رہبر انقلاب اسلامی،آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تدفین کے موقع پر مجلس علماء ہند کی جانب سے جامع مسجد تحسین گنج لکھنؤ میں قرآن خوانی اور مجلس عزاء کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام میں پہلے قرآن خوانی ہوئی جس کا آغاز تنظیم المکاتب کے طالب علم قاری محمد ریحان نے کیا۔

اس کے بعد حوزہ علمیہ حضرت غفران مآب کے استاذ مولانا قاری محمد مہدی نے تلاوت کی ۔ ان کے بعد معروف قاری محمد فرقان نے آیات قرآن کی تلاوت کی اور آخر میں مشہور قاری قرآن قاری بدرالدجی صاحب نے تلاوت فرمائی ۔
قرآن خوانی کے بعد مولانا حیدر عباس رضوی نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ رہبر شہید نے حفظ قرآن کے ساتھ فہم قرآن پر زور دیا جس کا اظہار ایران نے رہبر شہید کے جنازے میں مختلف وفود کی آمد پر کیا اور اسی مناسبت سے آیات قرآن کی تلاوت کی ۔مولانا نے کہا کہ اس وقت دشمن اتحاد کی خوشگوار فضا سے گھبرایا ہوا ہے،ہمیں اس فضا کو برقرار رکھنا ہے ۔
مولانا سعید الحسن نے کہا کہ واقعی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای شہید اُمت ہیں، کیونکہ انھوں نے امت مسلمہ کی سربلندی اور اسلام کی سرفرازی کے لئے اپنی جان قربان کر دی ۔ انکی تشییع جنازہ نے ثابت کردیا کہ ان کی شخصیت کتنی مقبول تھی۔

مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا حسنین باقری کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے لوگوں کے دلوں میں شہید آیۃ اللہ خامنہ ای کی محبت ودیعت کردی ہے جس کا اندازہ ان کی تشییع جنازہ میں ہوا۔
انھوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ایران کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ بلاتفریق مذہب و ملت لوگوں کا ان کے جنازے میں شرکت کرنا ان کی مقبولیت کی دلیل ہے،خاص طور پر جو عراق میں منظر دیکھا گیا وہ حیران کن تھا۔ یہ پہلا جنازہ تھا جس کی دوسرے ملک میں عالیشان تشییع ہوئی ۔
مجلس میں مولانا نثار احمد زین پوری،مولانا کلب احمد،مولانا مکاتب علی،مولانا علی ہاشم،مولانا محمد مہدی،مولانا محمد حسین،ڈاکٹر ظفر النقی،مولانا انعام رضا،مولانا منظر عباس،جناب امداد امام،مولانا مرتضی حسین،مولانا رضا عباس،شیخ علی ہاشم نجفی مولانا عادل فراز جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب اور حوزہ علمیہ حضرت غفران کے طلبہ اور مومنین و مومنات نے شرکت کی ۔
نظامت کے فرائض مولانا حیدر عباس نے انجام دیئے۔
معروف شاعر مولانا صابر علی عمرانی نے رہبر شہید کی شان میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔پروگرام کا انعقاد مجلس علمائے ہند کی طرف سے ہوا۔









آپ کا تبصرہ