حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادتِ باسعادت خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ اور ہفتۂ وحدت کے مبارک موقع پر اسگندرپورہ بیروہ بڈگام میں جشنِ میلاد النبی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی اور روح پرور مذہبی اجتماع منعقد ہوا۔ اس پروقار تقریب کا اہتمام آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام، معارف العلوم اسلامک کے بینر تلے اور معروف مذہبی رہنما عمران رضا انصاری کی قیادت میں کیا گیا۔ جس میں عاشقانِ رسول، علمائے کرام، ذاکرین، طلبہ، تنظیم کے عہدیداران، کارکنان، سماجی شخصیات اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔

ریلی کا آغاز امام بارگاہ اسگندرپورہ سے ہوا، جہاں شرکاء نے درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول کی صداؤں کے ساتھ جلوس کی صورت میں مین مارکیٹ اسگندرپورہ تک مارچ کیا۔
شرکاء پورے راستے درودِ پاک کا ورد کرتے رہے جبکہ بچوں اور نوجوانوں نے نعت خوانی، منقبت اور ذکرِ رسول پیش کرکے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔ ریلی کے بعد تمام شرکاء دوبارہ امام بارگاہ واپس پہنچے جہاں ایک روحانی اور علمی مذہبی اجتماع منعقد ہوا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معروف شیعہ عالمِ دین شیخ محمد حسین ذاکری نے کہا کہ حضور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنا ہی جشنِ میلاد النبی منانے کا اصل مقصد اور محبتِ رسول کی حقیقی روح ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ سے محبت صرف زبانی دعووں یا رسمی تقریبات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کا عملی اظہار قرآن و سنت، شریعتِ اسلامی اور اسوۂ حسنہ کی مکمل پیروی میں نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان اس وقت تک محبتِ رسول کے تقاضے پورے نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنی زندگی کو حضور اکرم کی تعلیمات، اخلاقِ حسنہ، عدل، دیانت، رحم دلی اور تقویٰ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش نہ کرے۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سیرتِ رسول اکرم کا گہرائی سے مطالعہ کرے، آپ کے مبارک کردار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے اور اسلامی اقدار کی روشنی میں ایک صالح معاشرے کی تعمیر میں کردار ادا کرے۔
اس موقع پر آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بھی اپنے خطابات میں کہا کہ جشنِ میلاد النبی پوری انسانیت کے لیے خوشی، رحمت، ہدایت اور شکرگزاری کا دن ہے کیونکہ اسی مبارک دن اللہ تعالیٰ نے رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ کو دنیا کی ہدایت کے لیے مبعوث فرمایا۔

انہوں نے کہا کہ اس عظیم نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ جشنِ میلاد عقیدت، احترام، دینی شعور اور سیرتِ نبوی کی تعلیمات کو عام کرنے کے جذبے کے ساتھ منایا جائے۔
مقررین نے سورۂ جمعہ کی آیتِ مبارکہ "هُوَ الَّذِي بَعَثَ فِي الْأُمِّيِّينَ رَسُولًا مِّنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم کی بعثت کا بنیادی مقصد انسانیت کی اصلاح، نفوس کا تزکیہ، قرآنِ کریم کی تعلیم اور حکمت کی تربیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب وہ ان مقاصد کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی مقصد کے پیشِ نظر آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اسگندرپورہ میں جشنِ میلاد النبی کی یہ تقریب منعقد کی گئی تاکہ بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو رسولِ اکرم کی مبارک سیرت، اعلیٰ اخلاق اور تعلیمات سے روشناس کرایا جا سکے۔
مقررین نے بتایا کہ ہفتۂ وحدت کی تقریبات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے آج سرینگر میں بھی آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان جشنِ میلاد النبی منعقد ہوگا، جس میں مختلف علاقوں سے علمائے کرام، ذاکرین اور عاشقانِ رسول شرکت کریں گے۔

شیخ محمد حسین ذاکری نے ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ مسلمانوں کو قرآن و سنت کی پیروی، باہمی اخوت، اتحاد، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو ہر قسم کے اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، تاکہ امت کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی حقیقی عزت، قوت اور کامیابی رسول اللہ سے سچی محبت اور آپ کی تعلیمات پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنے میں مضمر ہے۔

تقریب کے اختتام پر مقررین نے کہا کہ کشمیر بھر میں جاری ہفتۂ وحدت کی تقریبات اور جشنِ میلاد النبی کے پروگراموں کا بنیادی مقصد امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی، اتحاد و یکجہتی اور سیرتِ رسول کے آفاقی پیغام کو عام کرنا ہے، تاکہ نئی نسل اپنے کردار اور عمل کو تعلیماتِ نبوی کے مطابق ڈھال کر ایک بہتر، پرامن اور باوقار معاشرے کی تشکیل میں مثبت کردار ادا کر سکے۔
اس موقع پر مولانا شہنواز حیدر، مولانا سید ناصر، شیخ محمد حسین ذاکری سمیت متعدد علمائے کرام نے شرکت کی، جبکہ مظفر رضوی، معروف استاد بشیر عطر، تحسین احمد، دیگر مذہبی و سماجی شخصیات، اسکالرز، طلبہ، بچوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ریلی کے دوران ننھے بچوں نے ہاتھوں میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تصاویر اور مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ بچوں اور نوجوانوں نے نعتِ رسولِ مقبول، منقبت اور درود و سلام پیش کرکے عشقِ رسول کا بھرپور اظہار کیا۔

تقریب کے دوران مقامی رضاکاروں نے بہترین نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے شرکاء میں پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔









آپ کا تبصرہ