جمعرات 13 اگست 2026 - 21:11
اہل بیتؑ سے محبت و عقیدت اسلامی ایمان کا لازمی حصہ: آقا سید حسن موسوی

حوزہ/مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد جموں وکشمیر میں مرکزی مجالسِ عزاء کا انعقاد ہوا؛ جن سے خطاب میں آغا سید حسن نے سیرت رسولؐ اور کردار امام حسنؑ کو اتحاد امت اور دینی استقامت کا سرچشمہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے مختلف علاقوں میں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰؐ کے یوم وصال اور سبط رسول حضرت امام حسن مجتبیٰؑ کی شہادت کی مناسبت سے خصوصی مجالسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں مرکزی مجالس منعقد ہوئیں، جبکہ یال کنزر، بونہ محلہ نوگام، گامدو، اڈینہ سونہ واری، وانہامہ بیروہ اور دیگر علاقوں میں بھی مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں عزاداران اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

اہل بیتؑ سے محبت و عقیدت اسلامی ایمان کا لازمی حصہ: آقا سید حسن موسوی

انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ایمان کی مضبوطی، تعلیمات رسول اکرمؐ کی پیروی اور ولایت اہل بیتؑ سے وابستگی کو دینی زندگی کا بنیادی تقاضا قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیتؑ سے محبت و عقیدت اسلامی ایمان کا لازمی حصہ ہے، تاہم حقیقی ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنے عقائد کو عملی زندگی میں بھی نافذ کرے۔

انہوں نے درود و سلام، نماز کی پابندی اور دیگر دینی فرائض کی ادائیگی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ محض عقیدت کا اظہار کافی نہیں بلکہ اسلام کی تعلیمات اور اس کے اصولوں پر عملی طور پر کاربند رہنا ضروری ہے۔

آغا سید حسن نے قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں نبی اکرمؐ کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول اکرمؐ پوری انسانیت کے لیے ہدایت، رحمت اور اسوۂ حسنہ کا سرچشمہ ہیں اور آپؐ کی سیرت و کردار اہل ایمان کے لیے قابل اتباع نمونہ ہے۔

اہل بیتؑ سے محبت و عقیدت اسلامی ایمان کا لازمی حصہ: آقا سید حسن موسوی

انہوں نے اخلاق حسنہ، راست گوئی، امانت داری، تقویٰ، اخلاص اور خدا خوفی کو اسلامی معاشرے کی بنیادی اقدار قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ ان اوصاف کو فرد کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اور تعلیمات رسول اکرمؐ اسلامی ہدایت کی بنیاد ہیں، جبکہ اہل بیتؑ دین کو صحیح طور پر سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کا معتبر راستہ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مؤمنین پر زور دیا کہ وہ دینی فرائض، بالخصوص نماز کی پابندی کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور ان تمام اعمال سے اجتناب کریں جنہیں اسلام نے ممنوع قرار دیا ہے۔

واقعۂ کربلا کا ذکر کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظیم قربانی ظلم، ناانصافی اور اخلاقی انحراف کے خلاف ایک دائمی جدوجہد کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی یاد اور عزاداری کا مقصد صرف غم و سوگ کا اظہار نہیں بلکہ کربلا کے پیغام حق، عدل، حریت، شجاعت، ایثار اور ظلم کے خلاف استقامت کو اپنی عملی زندگی میں اختیار کرنا بھی ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر آغا سید حسن نے مؤمنین پر زور دیا کہ وہ اپنی دینی و اخلاقی اقدار کی حفاظت کریں، نبی اکرمؐ اور اہل بیتؑ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا رہنما بنائیں اور اپنے کردار و عمل کو اسلامی تعلیمات کا آئینہ دار بنائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha