بدھ 26 اگست 2026 - 10:58
انجمنِ شرعی شیعیانِ کشمیر کا محرم الحرام اور صفر کے دوران حکومتی انتظامات کو خراجِ تحسین

حوزہ/ جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس موسوی نے محرم الحرام اور صفر کے مقدس ایام کے دوران پورے جموں و کشمیر میں حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے جامع انتظامات اور فراہم کردہ تعاون پر دلی تشکر اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایک بیان میں انجمنِ شرعی جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل مولانا سید مجتبیٰ عباس نے کہا ہے کہ مقدس ایام کے دوران منعقد ہونے والی متعدد مجالس عزا، مذہبی اجتماعات، جلوسوں اور دیگر دینی پروگراموں کا پُرامن اور باوقار انعقاد انتظامیہ اور مختلف سرکاری محکموں کی باہمی ہم آہنگی اور تعاون کے باعث ممکن ہوا۔

انہوں نے بالخصوص اس عرصے کے دوران کئے گئے سکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی مؤثر تعیناتی، ہجوم کے نظم و ضبط، ٹریفک مینجمنٹ، جلوسوں کے راستوں کی سکیورٹی اور بڑے مذہبی اجتماعات کے مقامات پر مؤثر رابطہ کاری نے عزاداروں اور زائرین کے لیے محفوظ اور پُرامن ماحول یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور بروقت اقدامات کی بھی تعریف کی۔

انجمن کے جنرل سیکریٹری نے سول انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے پینے کے صاف پانی، صفائی و ستھرائی، بجلی کی فراہمی، سڑکوں، طبی و ہنگامی سہولیات، عوامی سہولیات اور دیگر شہری انتظامات کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کو بھی سراہا، جو بڑے مذہبی اجتماعات کے دوران ناگزیر تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض مقامات پر کچھ خامیاں اور کمی رہ گئی تھیں، تاہم ہم حکومت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے مجموعی طور پر کئے گئے انتظامات سے مطمئن ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ رواں سال کے دوران سامنے آنے والی ان کمیوں کو مستقبل میں پیش نظر رکھتے ہوئے مناسب طور پر دور کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر انجمن انتظامات سے مطمئن ہے اور انتظامیہ و متعلقہ محکموں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بڑے مذہبی مواقع، جن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں، کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے انتظامیہ اور مذہبی تنظیموں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال محرم الحرام اور صفر کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں آئندہ مذہبی اجتماعات کے لیے شہری، انتظامی اور لاجسٹک انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

سید مجتبیٰ عباس نے ان تمام افسران، سرکاری ملازمین، سکیورٹی اہلکاروں اور فیلڈ اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان مقدس ایام کے دوران اپنی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کی اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں مذہبی پروگراموں اور عزاداری کی تقریبات کو پُرامن، منظم اور باوقار انداز میں منعقد کرنے میں مدد ملی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha