حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے زیر اہتمام، عید میلادالنبی کے موقع پر وادی بھر میں ہفتۂ وحدت کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔

اس سلسلے کا آغاز حسب روایت خانقاہ میر شمس الدین اراکیؒ جڈی بل سرینگر سے ہوا جہاں صدرِ انجمنِ شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی کی قیادت میں ایک شاندار جلوس میلاد برآمد کیا گیا۔
میلادالنبی کا جلوس علمگری بازار اور مرزا کامل چوک حول سے گزرتا ہوا امام بارگاہ گلشن باغ بٹہ کدل میں اختتام پذیر ہوا۔
میلاد جلوس میں حوزات علمیہ کے طلبہ و طالبات، دینی مکاتب کے ہزاروں طلبہ اور تنظیم کے کارکنوں کے علاوہ فرزندانِ توحید کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔

جلوس سے قبل خانقاہ میر شمس الدین اراکیؒ میں ایک پُر وقار محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں آغا سید حسن موسوی نے عید میلاد النبیؐ کی عظمت و فضیلت اور اسوہ رسولؐ کے مختلف پہلوؤں پر خطاب کیا۔
آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ عشق رسولؐ محض زبانی دعوے کا نام نہیں، بلکہ دین و شریعت اور سیرت نبویؐ پر عمل پیرا ہونا ہی حقیقی عشق ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب تک مسلمان اپنی زندگی کو اسوہ رسولؐ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش نہیں کرتا، اُس کا دعوائے عشق نامکمل اور ناقص ہے۔
انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کو عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک مہینہ قرآن و سنت کی پیروی، باہمی اخوت و اتحاد کو فروغ دینے اور اسلام دشمن استکباری سازشوں کے مقابلے میں صف آرا ہونے کا پیغام دیتا ہے۔

آغا حسن موسوی نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی قوت و عظمت کا سرچشمہ عشق رسولؐ ہے اور اسی عقیدے کو کمزور کرنے کی کوششیں ہمیشہ سے دشمنان اسلام کا ہدف رہی ہیں۔
حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس موسوی جنرل سیکریٹری انجمنِ شرعی شیعیان نے عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں منعقدہ میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں دشمنان اسلام کی سازشوں اور اسلام دشمن عزائم کا مؤثر جواب اتحاد امت، وحدت اور سیرت نبوی ؐ پر حقیقی عمل میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر اپنی صفیں مضبوط کرنی چاہئیں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف متحد آواز بلند کرنی چاہیے۔
انہوں نے حضرت امام خمینیؒ کی تعلیمات اور شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ایؒ کی استقامت کو اتحاد، خودداری اور مزاحمت کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر امت مسلمہ سیرت رسول اکرم ؐ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنائے اور اتحاد و اتفاق قائم رکھے تو کوئی دشمن اسے کمزور، محکوم یا مغلوب نہیں کرسکتا۔

محفل میلاد میں جن دیگر علمائے کرام نے خطابات کیے ان میں حجت الاسلام سید یوسف موسوی اور حجت الاسلام سید ارشد حسین موسوی شامل ہیں۔
تقریب میں حجت الاسلام سید محمد حسین موسوی، حجۃ الاسلام سید محمد صفوی ، حجۃ الاسلام مولوی نثار حسین والو اور حجۃ الاسلام غلام محمد گلزار، حجۃ الاسلام محبوب الحسن ، حجۃ الاسلام سید موسیٰ، حجۃ الاسلام سید محمد حسین سٹھسو ، حجۃ الاسلام گوہر حسین، حجۃ الاسلام امتیاز حسین نجار ، حجۃ الاسلام تنویر حسین ،مولوی بشیر احمد زادو وغیر نے بھی شرکت کی۔
نظامت کے فرائض مولوی ڈاکٹر اعجاز حسین ملک نے انجام دئیے۔
تقریب کے اختتام پر حجت الاسلام سید مجتبیٰ عباس الموسوی نے جلوس میں شامل حوزات علمیہ کے طلبہ و طالبات، دینی مکاتب کے سینکڑوں طلبہ اور تنظیم کے کارکنوں کے علاوہ فرزندانِ توحید کی ایک بڑی تعداد کی باوقار اور منظم شرکت پر سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور نظم و ضبط کے ساتھ جلوس میں شمولیت کو سیرت نبویؐ کے عملی پیغام کا مظہر قرار دیا۔









آپ کا تبصرہ