حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بڈگام-سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام انسانیت کی دنیاوی و اخروی فلاح کے لیے ایک جامع نظام ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسان کو اس کے خالق سے آشنا کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اس کے حقوق و فرائض سے بھی آگاہ کرتا ہے، جبکہ عدل و انصاف اسلامی معاشرتی نظام کی بنیادی اساس ہے۔
آغا سید حسن نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی ادائیگی کو اسلام میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے مطابق جہاں کسی فرد کا حق ثابت ہوتا ہے، وہاں دوسرے فریق پر اس حق کی ادائیگی لازم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے والدین، میاں بیوی، اولاد، رشتہ داروں، ہمسایوں، اہل ایمان، شہریوں اور پورے معاشرے کے باہمی حقوق کا ذکر کرتے ہوئے ظلم، ناانصافی، غیبت، خیانت اور دوسروں کے حقوق پامال کرنے سے اجتناب کی تلقین کی۔
انہوں نے بالخصوص والدین کے حقوق اور ان کے احترام پر زور دیتے ہوئے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں کہا کہ والدین کے ساتھ حسن سلوک، عاجزی، احترام اور شکرگزاری اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دینی وابستگی محض نماز اور دیگر عبادات کی ادائیگی تک محدود نہیں بلکہ والدین، اہل خانہ اور معاشرے کے حقوق کی ادائیگی بھی ایمان و عمل کا لازمی تقاضا ہے۔ انہوں نے خاندانی رشتوں کے تحفظ، بزرگوں کے احترام اور باہمی تعاون کو بھی اسلامی معاشرت کا اہم جزو قرار دیا۔
آغا سید حسن نے اہل ایمان پر زور دیا کہ وہ اسلامی تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی میں عملی طور پر نافذ کریں اور اپنے گھروں کی تربیت عدل، رحم، احترام، ذمہ داری اور حقوق کی ادائیگی کی بنیاد پر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی حقیقی روح حقوق اللہ اور حقوق العباد دونوں کی متوازن ادائیگی میں مضمر ہے، اور دوسروں کے حقوق سے غفلت اختیار کرتے ہوئے محض ظاہری عبادات پر اکتفا کرنا اسلامی تعلیمات کی جامع روح سے ہم آہنگ نہیں۔










آپ کا تبصرہ