جمعہ 10 جولائی 2026 - 03:12
رہبرِ شہید (رہ) کی تشییع میں 4 کروڑ سے زائد افراد کی شرکت

حوزہ/ رہبرِ شہید (رہ) کی تشییع اور وداع کے پروگرام میں شرکت کرنے والوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 10 لاکھ سے 4 کروڑ 30 لاکھ کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے جسے متعلقہ ذرائع نے تاریخِ عالم کی سب سے بڑی تشییع قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ شہید (رہ) کی تشییع اور وداع کے مراسم مسلسل 6 روز تک ایران اور عراق کے پانچ شہروں تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں منعقد ہوئے۔
ان مراسم میں عوام کی غیر معمولی اور تاریخی شرکت کے باعث انہیں دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے تشییعی مراسم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تہران میں تین روز تک (دو روزہ مراسمِ وداع اور ایک روز تشییع) جبکہ قم، نجف، کربلا اور مشہد میں ایک، ایک روز تک مراسم جاری رہے۔ مختلف شہروں میں عوام کی مسلسل شرکت کے باعث یہ تاریخی اجتماع عوامی شرکت کا منفرد مظہر بن گیا۔
مجموعی طور پر 4 کروڑ 10 لاکھ سے 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے ان مراسم میں شرکت کی۔ یہ اعداد و شمار عوامی نقل و حمل کے ریکارڈ، مراسم کے مقامات پر فعال موبائل فونز کے ڈیٹا، شرکاء کے اوسط دورانیۂ شرکت، تہران میں تشییع کے راستے پر ہجوم کی تعداد، قم میں مسجد جمکران سے حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا تک کے علاقے کے تخمینے، مشہد میں ہوائی اڈے سے حرمِ امام رضا (ع) تک کے راستے کے اعداد و شمار اور دیگر میدانی شواہد کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عراقی وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے بھی نجف اور کربلا میں منعقدہ تشییعی مراسم میں تقریباً ایک کروڑ افراد کی شرکت کی سرکاری تصدیق کی گئی جسے مجموعی تخمینے کا ایک مستقل اور معتبر حصہ قرار دیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں نے مشترکہ میدانی اور سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر اس بات پر زور دیا ہے کہ انتہائی محتاط اندازوں کے مطابق بھی رہبرِ شہید (رہ) کے تشییعی مراسم گزشتہ ایک صدی کے تمام بڑے تشییعی مراسم سے بڑھ کر رہے اور یقینا انہیں تاریخِ انسانی کے سب سے بڑے تشییعی مراسم قرار دیا جا سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha