جمعہ 10 جولائی 2026 - 14:13
آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے محترمہ فاطمہ جناح کا نمایاں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: محترمہ فاطمہ جناح آخری دم تک قائداعظم کے افکار پر ڈٹی رہیں۔ تحریک پاکستان، قیام پاکستان اور جمہوری و شخصی آزادیوں کے لئے ان کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 9 جولائی 2026ء، مادر ملت محترمہ فاطمہ جنا ح کی59ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: قوموں کی ترقی میں ہمیشہ خواتین کا مرکزی کردار رہا ہے۔ جدوجہد پاکستان میں محترمہ فاطمہ جناح وہ شخصیت ہیں جو نہ صرف بابائے قوم کے شانہ بشانہ رہیں بلکہ انتہائی مشکل ترین حالات میں بھائی کا ساتھ دے کر برصغیر میں پاکستان کے قیام میں اپنا ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور بعد ازاں مشکل ترین حالات کے باوجود جمہوری، اسلامی، فلاحی ریاست کے قیام کی خاطر آخری دم تک جدوجہد کرتی رہیں، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ان کا نمایاں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا: محترمہ فاطمہ جناح روز اول سے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں اور قیام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مشکل حالات کے باوجود اپنے بھائی کا ساتھ چھوڑا، نہ ہی ان کے نظریات سے انحراف کیا۔ قائد کی رحلت کے بعد بھی بہت سی مشکلیں آئیں مگر وہ اپنے موقف پر ڈٹی رہیں اور اپنے آخری ایام تک ان پر کاربند رہیں۔ وہ مادر ملت کے ساتھ "مادرِ جمہوریت" کہلانے کی بھی حقدار ہیں کیونکہ جس طرح انہوں نے آئین کی بالادستی کے ساتھ ساتھ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کیا وہ بھی ناقابل فراموش ہے۔

علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: پوری قوم کو محترمہ فاطمہ جناح کے افکار اور ان کی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہیے۔ اسلام اور پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا ایک بڑا کردار رہا ہے جبکہ قوموں کی ترقی و خوشحالی میں بھی خواتین نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے، محترمہ فاطمہ جناح بھی ایسے ہی کردار کی حامل شخصیت تھیں۔

انہوں نے آخر میں کہا: مادر ملت کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد اور مشعل راہ سمجھا جائیگا۔ ملک و قوم کی خدمت کیلئے ان کے کردار سے استفادہ کیا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کا انتقال 9 جولائی 1967ء کو کراچی میں ہوا تھا اور انہیں بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں ہی سپردِ خاک کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha