حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے امام جمعہ شہر ماکو حجت الاسلام والمسلمین سید محمد ہاشمی نے حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت کی معنوی اہمیت کی طرف اشارہ کیا اور کہا: زائرینِ اربعین کی خدمت خود زیارت سے کم نہیں بلکہ بہت سے مواقع پر خدمت میں اخلاص کی وجہ سے اس میں خصوصی فضیلت اور ثواب پایا جاتا ہے۔
انہوں نے اربعین کو عالمِ اسلام کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع قرار دیتے ہوئے کہا: یہ عظیم عوامی تحریک اہل بیت علیہم السلام سے محبت، مسلمانوں کے اتحاد اور ایثار، مہمان نوازی اور بے لوث خدمت کی ثقافت کا مظہر ہے۔ ایسی ثقافت جسے ایرانی قوم ہر سال بہترین انداز میں پیش کرتی ہے۔
امام جمعہ ماکو نے موکب داروں، انتظامی، امدادی اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت سرحدی علاقوں کے عوام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: جو لوگ سید الشہداء علیہ السلام کے زائرین کی خدمت کے راستے میں کوشش کرتے ہیں، وہ درحقیقت حسینی ثقافت کے فروغ اور عاشورا کی اقدار کی ترویج میں شریک ہیں اور یہ خدمت ان کے لیے ایک قیمتی صدقہ جاریہ ثابت ہوگی۔
حجت الاسلام ہاشمی نے غیر ملکی زائرین کی میزبانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: غیرملکی زائرین کی شایانِ شان میزبانی اسلامی ثقافت، ایرانی عوام کی مہمان نوازی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اربعین واک مقاومت اور استکبار ستیزی کا پیغام ہے۔ آج دشمنانِ اسلام حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کے لاکھوں عاشقوں کے اجتماع سے خوفزدہ ہیں کیونکہ اربعین امتِ اسلامی کی طاقت، اتحاد اور بیداری کی علامت ہے اور تحریکِ عاشورا کے عدل پسندی اور حریت کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ