ہفتہ 19 ستمبر 2026 - 15:51
طلاب اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا محور قرآن و نہج البلاغہ کو قرار دیں: حجۃ الاسلام سید کمال حسینی

حوزہ/ جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے ہندوستان میں نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین سید کمال حسینی کی جونپور آمد پر علماء، طلاب، مومنین اور دینی مدارس سے وابستہ افراد نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے حوزوی تعلیم، علمی و تحقیقی سرگرمیوں، اخلاقی تربیت اور معاشرے کے مختلف طبقات سے مؤثر رابطے کی اہمیت پر گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جونپور/ جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے ہندوستان میں نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید کمال حسینی، جونپور میں مومنین سے ملاقات اور دینی و علمی مراکز کے دورے کے سلسلے میں صدر امام بارگاہ تشریف لے گئے، جہاں انہوں نے روضوں کی زیارت کی اور مومنین سے ملاقات و گفتگو کی۔

طلاب اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا محور قرآن و نہج البلاغہ کو قرار دیں: حجۃ الاسلام سید کمال حسینی

بعد ازاں انہوں نے جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام، صدر امام بارگاہ جونپور کا دورہ کیا اور اساتذہ و طلاب سے ملاقات کی۔ حوزوی تعلیم میں مصروف طلاب کی قابلِ ذکر تعداد کو دیکھ کر انہوں نے مسرت کا اظہار کیا اور ان کی علمی و تعلیمی پیش رفت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین سید کمال حسینی نے اس موقع پر اساتذہ و طلاب سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات سے اپنا رابطہ برقرار رکھیں، مختلف افراد سے ملاقات، علمی و فکری تبادلے اور تجربات کے اشتراک کے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے ملک میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

طلاب اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا محور قرآن و نہج البلاغہ کو قرار دیں: حجۃ الاسلام سید کمال حسینی

انہوں نے اخلاقی تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو غرور اور تمسخر سے دور رہنا چاہیے اور ہر انسان، خواہ وہ معاشرے میں کسی بھی مقام پر ہو، اس کی عزت و احترام کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے طلاب کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کی قدر کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے لیے تعاون کا جذبہ رکھنا بھی دینی و انسانی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے قرآن کریم اور نہج البلاغہ کو تحقیق و مطالعے کا بنیادی محور قرار دینے کی تاکید کی اور کہا کہ ان عظیم علمی و دینی سرچشموں سے استفادہ کرتے ہوئے معاشرے کے موجودہ مسائل پر سنجیدہ، عمیق اور مؤثر تحقیقی کام انجام دینے کی ضرورت ہے۔

طلاب اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا محور قرآن و نہج البلاغہ کو قرار دیں: حجۃ الاسلام سید کمال حسینی

اس موقع پر جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے شعبۂ دہلی سے وابستہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر حسین بیات اور مولانا ذیشان مظفرنگری بھی موجود تھے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین سید کمال حسینی نے جامعہ بنت الہدیٰ، دارالقرآن نسواں، بارہ دوریہ کی طالبات سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے طالبات کو علم و تقویٰ سے اپنی زندگی آراستہ کرنے، پرہیزگاری اختیار کرنے اور گناہ و برے اعمال کے ساتھ ساتھ نامناسب صحبت سے دور رہنے کی تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو دنیا و آخرت کی کامیابی اور نیک انجام کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے اور اپنی زندگی کو حسنات اور نیک اعمال سے آراستہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مخلوقاتِ خدا سے محبت اور حتی المقدور ان کی خدمت کو بھی انسانی و دینی ذمہ داری قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha