حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، راہِ عمل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام معاشرے میں بڑھتے ہوئے ذہنی اضطراب، انتشار اور سماجی، خاندانی، تعلیمی و دیگر مسائل کے پیشِ نظر، گزشتہ روز امام خمینیؒ کمپلکس، گلستانِ جوہر کراچی میں ’Capacity Building Circle‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے بچوں کے ساتھ شرکت کی۔

پروگرام کا مقصد معاشرے کے مختلف شعبوں میں درپیش چیلنجز کے حوالے سے شرکاء کو رہنمائی اور کاؤنسلنگ فراہم کرنا اور صلاحیتوں کی الٰہی خطوط پر نشوونما کے لیے عملی رہنمائی پیش کرنا تھا۔
نشست میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ماہر اور تجربہ کار خواتین نے شرکت کی اور سماجی، تعلیمی، خانوادگی اور نفسیاتی مسائل کے حوالے سے شرکاء کی رہنمائی کی۔

پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ ہر کاؤنسلر نے اپنے مخصوص گوشے میں شرکاء کو انفرادی طور پر، مکمل رازداری اور اعتماد کے ماحول میں کاؤنسلنگ فراہم کی۔

پروگرام کے مرکزی استقبالیہ مقام کو ’’قُومُوا لِلّٰہ‘‘ سے موسوم کیا گیا تھا، جہاں سورۂ سبا کی آیت 46 درج کی گئی تھی۔ اسی طرح نشست کے مقام کے آخری گوشے میں سورۂ طلاق کی آیت 2 درج تھی، جس میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے اہلِ تقویٰ کے لیے راستہ کھولنے کا ذکر ہے۔

پروگرام کے آغاز سے اختتام تک قرآنِ کریم اور معصومین علیہم السلام کے فرامین کی روشنی میں شرکاء کے لیے عملی لائحۂ عمل اور امید افزا پیغامات پیش کیے گئے۔
کاؤنسلنگ کا مرکزی موضوع امام رضا علیہ السلام کی حدیثِ مبارکہ میں بیان کردہ کمالِ عقل کی دس نشانیوں کو بنایا گیا تھا، جنہیں پھولوں کے قدآور گلدانوں میں آویزاں کیا گیا تھا اور وہ شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

پروگرام کے دوران رجسٹریشن ٹیبل کے ذریعے جاری کیے گئے سوال نامے کی مدد سے ایک پائلٹ اسٹڈی کا ہدف بھی حاصل کیا گیا۔
پروگرام میں مختلف عمر کی خواتین نے شرکت کی، جبکہ شرکاء کے لیے مختلف موضوعات پر مفید کتب پر مشتمل ایک خوبصورت کتاب خانہ بھی قائم کیا گیا، جس نے شرکاء کو مطالعے کا موقع بھی فراہم کیا۔

پروگرام کے اختتامی مرحلے میں حلقے کی صورت میں مجموعی کاؤنسلنگ سیشن منعقد ہوا۔
اس سیشن کی منفرد خصوصیت یہ تھی کہ کاؤنسلرز کسی ایک مرکزی مقام پر موجود ہونے کے بجائے مختلف گوشوں میں بیک وقت شرکاء کی رہنمائی کر رہی تھیں۔ اس طرزِ نشست کے نتیجے میں شرکاء کو بھرپور گفتگو کا موقع ملا اور مختلف عملی نکات سامنے آئے۔
پروگرام کے ماحول کو قدرتی سبزے، ہلکی گل آرائی اور مسلسل مہمان نوازی کے ذریعے پُرسکون اور مانوس بنایا گیا، جس سے شرکاء کے لیے ایک خوشگوار اور دوستانہ ماحول فراہم ہوا۔

پروگرام کے پینل میں پروفیسر ڈاکٹر سدرہ عابد، صدر بایومیڈیکل انجینئرنگ و الائیڈ ہیلتھ سائنسز؛ ڈاکٹر شاہین عباس، ڈائریکٹر میتھیمیٹیکل ریسرچ سینٹر؛ ڈاکٹر زرین صادق، اسسٹنٹ پروفیسر کمپیوٹر سسٹمز انجینئرنگ؛ ڈاکٹر عنبر فاطمہ عابدی، اسسٹنٹ پروفیسر اردو؛ ڈاکٹر سیدہ سارہ نوازش، پوسٹ کلونیل ادب؛ سبین فاطمہ، لیکچرار کمپیوٹر سائنس اور سیدہ عیشہ راضیہ نقوی، کلینیکل سائیکالوجسٹ و تھراپسٹ شامل تھیں۔
تجربہ کار پینلسٹس نے اپنی تدریسی اور کاؤنسلنگ کی مہارتوں کے ذریعے نشست کو جامع اور بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پروگرام کے غیر روایتی انداز کو شرکاء کی جانب سے بھی سراہا گیا اور مختلف علاقوں میں اس نوعیت کے پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا گیا۔









آپ کا تبصرہ