حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے آج بروز جمعہ 18 ستمبر 2026ء، کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائن مسجد کے قریب مسجد کے نزدیک ہونے والے بم دھماکے اور دہشت گردی کے بزدلانہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعدد افراد کی شہادت پر لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا: مسجد کے نزدیک دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو فوری طور پر جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: شرپسند عناصر ملک کے امن و امان کی فضا کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، ہمیں متحد ہو کر ان کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔
علامہ ساجد نقوی نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ دھماکے کے تمام حقائق کو منظر عام پر لایا جائے اور اس افسوس ناک واقعے میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔









آپ کا تبصرہ