حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم حضرت فاطمہ معصومہؑ میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے امام حسن عسکریؑ کی ولادت کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ امام حسن عسکریؑ کے فرمان کے مطابق اللہ پر ایمان اور بندگانِ خدا کو فائدہ پہنچانا انسان کی اعلیٰ ترین صفات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ پر قلبی یقین اور اسے ہر حال میں حاضر و ناظر سمجھنا ایمان ہے۔ اسلام اور ایمان میں فرق ہے؛ انسان زبان سے اللہ کی وحدانیت اور رسول اکرمؐ کی نبوت کا اقرار کرکے مسلمان ہوجاتا ہے، لیکن جب یہ یقین دل میں اتر جائے تو حقیقی ایمان پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص اللہ کو حقیقی رازق مانتا ہے، اسے رزق کے بارے میں زیادہ پریشان نہیں ہونا چاہیے بلکہ اللہ کے احکامات پر عمل کرنا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ اپنے بندے تک رزق کس ذریعے سے پہنچانا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے ایمان کو مضبوط بنانے کے لیے مقامات مقدسہ، اولیائے خدا اور مؤمنین کی زیارت و صحبت کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ روایات میں ایک مؤمن کے ساتھ بیٹھنے اور اس کی صحبت کو ایک سال کی عبادت سے بھی زیادہ اہم قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ کے فرمان کے مطابق اعلیٰ ترین ایمان یہ ہے کہ انسان یقین رکھے کہ اللہ ہر حال میں اس کے ساتھ ہے۔
حرم حضرت فاطمہ معصومہؑ کے خطیب نے امام حسن عسکریؑ کی دوسری اہم تعلیم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو صرف اپنی ذات کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے بلکہ دوسروں کے لیے فائدہ مند بننا چاہیے۔ جو لوگ دوسروں کی مشکلات دور کرتے اور انہیں فائدہ پہنچاتے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کے زیادہ قریب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض تاجر لوگوں کی خدمت اور انہیں فائدہ پہنچانے کو اپنا مقصد بناتے ہیں اور ایسے لوگ اللہ کے محبوب بندوں میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ صرف لوگوں کی جیب خالی کرنے کی فکر کرنا درست رویہ نہیں ہے۔









آپ کا تبصرہ