پیر 21 ستمبر 2026 - 23:07
آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی علمی کمالات و فضائل اور اخلاصِ عمل میں اپنے دور کی بہترین مثال تھے

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ مظاہری نے آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے انہیں علمی فضائل، وسعتِ علم، دقیق نظر، اعلیٰ اخلاق، صفائے نفس اور اخلاصِ عمل کے اعتبار سے اپنے دور کی بہترین مثال قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر آیت اللہ العظمیٰ مظاہری نے تعزیتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مرحوم مرجع تقلید کی علمی و اخلاقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو حوزہ ہائے علمیہ، بالخصوص حوزہ علمیہ قم کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

آیت اللہ العظمیٰ مظاہری کا مکمل تعزیتی پیغام درج ذیل ہے:

بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحیمِ

«إِنَّا لِلَّهِ وَ إِنَّا إِلَیْهِ راجِعُونَ»

فقیہ جامع الشرائط اور مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ حاج سید موسیٰ شبیری زنجانی قدس سرہ الشریف کے انتقال کی خبر سے بے حد افسوس اور رنج و غم ہوا۔

وہ ہمارے بزرگ صالح علما میں سے تھے اور خود حوزہ علمیہ قم کے بزرگ علماء اور مضبوط ستونوں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی مسلسل علمی و روحانی جدوجہد، بہت سے اساتذہ اور فضلا کی تعلیم و تربیت، دین و فقہ کی حفاظت، مرجعیت کے مقام کی پاسداری، حوزہ اور علمائے دین کی حفاظت اور اہل ایمان کی خیرخواہی میں گزار دی۔

وہ علم و فضل، وسیع علمی بصیرت، گہری نظر، اعلیٰ اخلاق، پاکیزہ نفس اور اخلاصِ عمل جیسی نمایاں خصوصیات میں اپنے دور کے لیے ایک بہترین نمونہ تھے۔

حوزہ ہائے علمیہ، خاص طور پر حوزہ علمیہ قم المقدسہ، نے ایک درخشاں ستارے کو کھو دیا ہے اور یہ ایک بہت بڑا اور دردناک نقصان ہے۔

ولا حول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم

میں حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزہ ہائے علمیہ، اس بزرگ عالم اور پرہیزگار شخصیت کے معزز خاندان، بالخصوص ان کے محترم اور فاضل فرزندان، تمام سوگوار اہل خانہ، ان کے تمام شاگردوں اور ان کے علمی فیض سے استفادہ کرنے والوں، نیز ان سے عقیدت رکھنے والوں اور ان کے مقلدین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔

بارگاہِ خداوندی میں دعا ہے کہ وہ اس فراموش نہ ہونے والی شخصیت کے درجات بلند فرمائے، انہیں ان کے پاکیزہ اجداد اور معصوم ائمہ علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے اور ان کے تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل، اجرِ عظیم، سلامتی اور خوش بختی عطا فرمائے۔

والسلام علیہ و علیہم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

حسین المظاہری ۹ ربیع الثانی ۱۴۴۸ھ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha