حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تبلیغات اسلامی کی رابطہ کونسل نے یوم اللہ ۱۳ آبان کی مناسبت سے جاری بیان میں ایرانی عوام کے تمام طبقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن ملک بھر میں منعقد ہونے والی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔ یہ ریلی بدھ 13 آبان 1405 (4 نومبر 2026) کو ملک کے 900 سے زائد مقامات پر منعقد ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 13 آبان ایران کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جو سامراجی طاقتوں کی بالادستی کے خلاف ایرانی قوم کی جدوجہد، آزادی اور خودمختاری کی علامت ہے۔ ایرانی عوام نے انقلاب اسلامی کی تاریخ کے مختلف مراحل میں ہمیشہ اپنے اصولوں اور مقاصد کا دفاع کیا ہے۔
بیان میں حالیہ جنگوں اور دشمنوں کی جارحیت کے نتیجے میں قائد شہید، فوجی کمانڈروں، سائنس دانوں، اہم شخصیات اور عام شہریوں کی شہادتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سال 13 آبان کی تقریبات شہداء کی یاد تازہ کرنے، ان کے راستے پر چلنے اور ملک کی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا موقع ہیں۔
کونسل نے اس سال کی ریلی کے لیے ’’شہداء سے عہد، استکبار کے خلاف جدوجہد‘‘ کا نعرہ منتخب کیا ہے اور شہداء کے اہل خانہ، نوجوانوں، طلباء، اساتذہ، مزدوروں، تاجروں اور معاشرے کے تمام طبقوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ریلی میں عوام کی شرکت، قومی اتحاد اور یکجہتی کے اظہار کے ساتھ حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای، رہبر معظم انقلاب اسلامی سے تجدید بیعت کا بھی موقع ہوگی۔
کونسل کے مطابق، 13 آبان کی رات 8 بجے قائد شہید کی مرقد مطہر کے قریب اور ملک بھر کے مختلف میدانوں میں ’’امریکہ مردہ باد‘‘ کے نعرے بھی بلند کیے جائیں گے۔
ریلی کا وقت اور مقام
یوم اللہ 13 آبان کی ملک گیر ریلی بدھ 13 آبان 1405 کو صبح 9 بجے ایران کے 900 سے زائد مقامات پر منعقد ہوگی۔ تہران میں ریلی میدان فلسطین سے سابق امریکی جاسوسی اڈے کی جانب روانہ ہوگی۔










آپ کا تبصرہ