پیر 23 نومبر 2026 - 23:41
تنظیم المکاتب زون سری نگر کے تحت ’’ولایت و مرجعیت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر مجلسِ مذاکرہ کا انعقاد

حوزہ/تنظیم المکاتب زون سری نگر کے اہتمام سے ’’ولایت و مرجعیت کی اہمیت‘‘ کے عنوان سے ایک علمی و فکری مجلسِ مذاکرہ منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کو مؤثر بنانے میں تنظیم المکاتب زون سری نگر کے اراکین و خیرخواہوں کے علاوہ تنظیم سے وابستہ سابقہ اراکین، خیرخواہوں اور علمی و تکنیکی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ مذاکرہ کا باقاعدہ آغاز بعد از نمازِ ظہر، دوپہر دو بجے ہوا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب ڈاکٹر راشد مقبول صاحب نے انجام دیے۔ ابتدا میں تلاوتِ کلامِ پاک سے محفل کو منور کیا گیا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم پیش کی گئی۔ بعد ازاں نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ڈاکٹر راشد مقبول نے منتخب موضوع کی اہمیت، پس منظر اور بنیادی نکات پر تمہیدی گفتگو کے ساتھ مجلسِ مذاکرہ کا آغاز کیا۔

تنظیم المکاتب زون سری نگر کے تحت ’’ولایت و مرجعیت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر مجلسِ مذاکرہ کا انعقاد

اس مجلس میں جناب الحاج غلام علی گلزار صاحب، سابق نگران سیکرٹری تنظیم المکاتب کشمیر، نے مرکزی مقرر کی حیثیت سے شرکت فرمائی۔ موصوف کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ علمی، ادبی اور فکری سرگرمیوں کے لیے وقف کیا ہے۔ ایک محقق، مورخ، ادیب، شاعر اور معاشرہ ساز کی حیثیت سے وادیٔ کشمیر کے علمی و ادبی حلقوں میں ان کی خدمات قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔

مرکزی مقرر نے موضوع کے تمہیدی جائزے میں عہدِ رسالت مآب حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے لے کر دورِ امام حسن عسکری علیہ السلام تک مرجعیت کے فکری و نظریاتی پس منظر اور اس کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے قرآنِ مجید، احادیثِ نبویؐ اور اقوالِ ائمۂ معصومینؑ کی روشنی میں اس موضوع کے بنیادی خدوخال واضح کرتے ہوئے مرجعیت کے نظریے کی اہمیت اور اس کے تاریخی تسلسل کو اجاگر کیا۔چونکہ ایک طویل وقفے کے بعد اس نوعیت کی علمی و فکری مجالس کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے، اس لیے مرکزی مقرر نے موضوع کا ایک تمہیدی اور تعارفی خاکہ پیش کیا، تاکہ آئندہ مذاکروں میں اس کے مختلف پہلوؤں پر مزید گہرائی اور وسعت کے ساتھ گفتگو کی جا سکے۔

بعد ازاں موضوع سے متعلق سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا، جس میں مرجعیت کے سیاسی، اقتصادی، سماجی اور معاشرتی پہلوؤں سے متعلق متعدد اہم اور مخصوص سوالات اٹھائے گئے۔

تنظیم المکاتب زون سری نگر کے تحت ’’ولایت و مرجعیت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر مجلسِ مذاکرہ کا انعقاد

جناب الحاج غلام علی گلزار صاحب نے ان سوالات کے مدلل اور جامع جوابات پیش کرتے ہوئے موضوع کے مختلف گوشوں کی وضاحت فرمائی۔

آخر میں جناب الحاج غلام علی گلزار صاحب نے اختتامی دعا فرمائی، جس کے ساتھ ہی ’’ولایت و مرجعیت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اس سلسلے کی پہلی مجلسِ مذاکرہ اپنے اختتام کو پہنچی۔

یہ مجلسِ مذاکرہ تنظیم المکاتب زون سری نگر کی جانب سے ایک عرصے کے بعد علمی و فکری مکالمے کے سلسلے کو دوبارہ فعال بنانے کی ایک قابلِ تحسین کوشش قرار دی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha