منگل 24 نومبر 2026 - 12:06
دشمن آج سب سے زیادہ علماء و روحانیت سے خوفزدہ ہے

حوزہ / آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے انقلاب اسلامی کی تشکیل اور اس کے تسلسل میں علمائے دین کے مؤثر کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دشمن آج سب سے زیادہ علماء و روحانیت سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے جمود پسندی اور دینی روشن فکری کو روحانیت کے سامنے موجود دو خطرناک آفتیں قرار دیتے ہوئے ان رجحانات کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے، معاشی مسائل اور انقلاب کے میدان میں عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور حوزاتِ علمیہ کی انقلابی شناخت کے تحفظ میں بسیجِ طلاب و اساتذہ کے کردار کو اہم قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے بسیجی طلباء اور اساتذہ سے ملاقات میں انقلاب اسلامی کی تشکیل، کامیابی اور اس کے تسلسل میں روحانیت کے تاریخی اور مؤثر کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا: طلاب اور اساتذہ کی تنظیم و ترتیب اور اس کی حقیقت کو درک کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا: انقلاب اسلامی کا آغاز اور اس کی بنیاد امام خمینی (رہ) نے رکھی تھی۔ وہ اس تحریک کے بانی اور انقلاب کے محرک تھے لیکن انقلاب کی عملی جدوجہد صرف امام کی ذات تک محدود نہیں تھی۔

آیت اللہ علم الہدیٰ نے کہا: امام خمینی (رہ) کو 13 سال تک اس ملک سے جلاوطن رکھا گیا اور انہیں انتہائی دشوار حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا نام لینا، ان کی کتابوں کا ذکر کرنا اور حتیٰ کہ ان کے بارے میں گفتگو کرنا بھی بہت سے مواقع پر محدود اور ممنوع تھا۔ امام (رہ) کے قریبی ساتھیوں کو بھی گرفتار کرکے جیلوں میں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ ایسے حالات میں انقلاب کس طرح اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانے اور کامیابی سے ہمکنار ہونے میں کامیاب ہوا؟

آیت اللہ علم الہدیٰ نے مزید کہا: شاہ کی غلطی یہ تھی کہ وہ یہ تصور کرتا تھا کہ تمام روحانیت کی اساس وہ ہے جہاں سے امام خمینی (رہ) نے پرورش پائی اور قیام کیا ہے اور اس کو ختم کرنے کے بعد مزید کوئی روحانیت باقی نہیں رہے گی حالانکہ حقیقت اس کے برعکس تھی۔

انہوں نے کہا: روحانیت ایک زندہ اور متحرک تحریک ہے اور ہمیں یہ تصور نہیں کرنا چاہیے کہ اس کی جڑیں صرف کسی ایک تاریخی دور تک محدود ہیں۔ ہر دور میں روحانیت اپنی الگ قوت، شخصیت اور مؤثر تحریک رکھتی ہے جو پہلے سے زیادہ توانائی اور صلاحیت کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔ ہر زمانے میں روحانیت کی کامیابیاں اور علمی و عملی ثمرات ایسے ہوتے ہیں جو گزشتہ ادوار میں موجود نہیں تھے۔

دشمن آج سب سے زیادہ علماء و روحانیت سے خوفزدہ ہے

انہوں نے عصر حاضر میں علماء و روحانیت کی علمی ترقی اور اس کے مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: روحانیت کی گزشتہ نسلوں میں ایسا مسلمہ مجتہد اور مرجعیت کے مقام پر فائز شخص موجود نہیں تھا جو موجودہ دور کی طرح رہبری کی ذمہ داری سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہو لیکن آج روحانیت کے درمیان ایسی شخصیت (رہبر شہید) پروان چڑھی ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ روحانیت نے کس قدر ترقی کی ہے اور اس کی صلاحیتوں میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔

مشہد کے امام جمعہ نے موجودہ حوزاتِ علمیہ کا ماضی سے تقابل کرتے ہوئے کہا: ان اداروں میں وسیع پیمانے پر تبدیلی آئی ہے۔ ہم پرانے زمانے کے طلباء ہیں اور جب آج کے طلباء، موجودہ حوزاتِ علمیہ اور ان کی علمی و انتظامی سرگرمیوں کو دیکھتے ہیں تو واقعی حیران رہ جاتے ہیں۔ جس حوزہ علمیہ میں ہم نے تعلیم حاصل کی، اس کا آج کے حوزات سے موازنہ کیا جائے تو فرق نمایاں نظر آتا ہے۔ ہم محدود وسائل اور سہولتوں کے ماحول سے نکل کر آئے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ موجودہ حوزاتِ علمیہ کی قوت، صلاحیت، وسائل، ترقی اور پیش رفت سے کس نوعیت کی استعداد سامنے آتی ہے اور کیسی شخصیات پروان چڑھتی ہیں۔

آیت اللہ علم الہدیٰ نے روحانیت کی قوت اور صلاحیتوں سے دشمن کی تشویش کا ذکر کرتے ہوئے کہا: دشمن بہت سے معاملات سے گزر چکا ہے اور آج اسے سب سے زیادہ خوف علماء و روحانیت سے ہے۔

خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ نے موجودہ حالات میں روحانیت کے عوام کے ساتھ رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ہمیں کم از کم عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے اور انقلاب کے میدان میں ان کے ساتھ رہتے ہوئے ان سے بھی آگے ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا: دو معاملات میں ہمیں عوام سے دور نہیں ہونا چاہیے۔ پہلا معاملہ زندگی اور معاش کے مسائل ہیں، جن میں ہمارا معیارِ زندگی عوام سے بلند نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہمیں عوام ہی کی سطح پر زندگی گزارنی چاہیے۔ دوسرا معاملہ انقلاب ہے، جس میں عوام جس مقام تک پہنچیں، ہمیں بھی ان کے ساتھ وہاں موجود ہونا چاہیے بلکہ ان سے آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha