حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ ابراہیم زکزاکی نے اتوار کے روز نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں اسلامی تحریک کے دو روزہ میڈیا فورم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں تک دین کا پیغام پہنچانا ایک اہم اور قابل قدر ذمہ داری ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور میں بھی دین کی تبلیغ اور پیغام رسانی نے اسلام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث رابطے اور اطلاعات کی ترسیل کے ذرائع میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور سوشل میڈیا پیغام پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس پلیٹ فارم کو درست، بامقصد اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کیا جائے۔
شیخ زکزاکی نے سوشل میڈیا پر گالم گلوچ، توہین، بدزبانی اور دوسروں کی بے عزتی جیسے رویوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کے طریقے میں واضح تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسلامی تحریک کے کارکنوں کا طرزِ عمل دوسروں سے مختلف ہونا چاہیے اور ان کی گفتگو اور سرگرمیوں سے اسلامی اخلاق و تعلیمات کی عکاسی ہونی چاہیے۔
انہوں نے تحریک کے پیروکاروں کی علمی اور فکری ذمہ داری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسروں کے لیے استاد اور رہنما بننا چاہیے، تاکہ لوگ ہم سے سیکھیں۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے علم، کردار اور گفتگو کے ذریعے دوسروں کے سامنے ایک اچھا نمونہ پیش کریں۔
شیخ زکزاکی نے زور دیا کہ سوشل میڈیا پر دین کا پیغام پہنچاتے وقت حکمت، عقلانیت اور علم کو بنیادی اہمیت دی جائے اور ہر قسم کی توہین اور بے حرمتی سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ نائجیریا کی اسلامی تحریک کا یہ دو روزہ میڈیا فورم ذرائع ابلاغ کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے اور تحریک کی اطلاعاتی و ابلاغی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا اختتام شیخ ابراہیم زکزاکی کے خطاب پر ہوا۔










آپ کا تبصرہ