حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد ہندوستان کے مرکز برائے مطالعاتِ نسواں نے مرکز برائے پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ (CPDUMT) کے اشتراک سے خاتون معلمات کی پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے موضوع پر ایک روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں تلنگانہ اور کیرالا سمیت ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی 135 سے زائد خاتون معلمات نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد خواتین معلمات کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ان کی تدریسی، تحقیقی، مالیاتی اور تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور پیشہ ورانہ زندگی میں درکار مختلف مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔
ورکشاپ کے مختلف علمی و تربیتی اجلاسوں میں ماہرین نے اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔

پروفیسر محمد عبد السمیع صدیقی نے ’’اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت کے ٹولز‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تدریسی عمل کو مؤثر، بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے میں مصنوعی ذہانت کے امکانات اور اس کے عملی استعمال پر روشنی ڈالی۔
جناب شبیر احمد نے ’’مالیاتی خواندگی‘‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مالیاتی منصوبہ بندی، بچت اور مالی معاملات میں دانش مندانہ فیصلوں کی اہمیت واضح کی۔
جناب سید عارف نے ’’تدریسی مہارتوں‘‘ کے عنوان سے اپنے خطاب میں جدید تدریسی حکمتِ عملیوں اور مؤثر تدریس کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا، جب کہ پروفیسر فریدہ صدیقی نے ’’تحقیقی مہارتوں‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تحقیق کے بنیادی تقاضوں، نئے تحقیقی رجحانات اور علمی و تحقیقی صلاحیتوں کے فروغ سے متعلق مفید نکات پیش کیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محوش بانو کی تصنیف کی رسمِ اجرا بھی عمل میں آئی، جس میں اسکولی نظامِ تعلیم اور مدارس کے نظامِ تعلیم کا تقابلی مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔
ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے خطاب کیا۔
انہوں نے خاتون اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور بدلتے ہوئے تعلیمی منظرنامے میں ان کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگرام اساتذہ کی علمی و عملی صلاحیتوں میں اضافے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے پروگرام کے علمی مواد، موضوعات کے انتخاب اور تربیتی اجلاسوں کو نہایت مفید اور معلومات افزا قرار دیتے ہوئے اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔
ان کے مطابق اس ورکشاپ نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور تدریسی و تحقیقی میدان میں نئے امکانات تلاش کرنے کا مؤثر موقع فراہم کیا۔










آپ کا تبصرہ