حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ حسین عبداللہ المعتوق نے بدھ 25 نومبر 2026 کو دفترِ تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم کے شعبہ ثقافت، تبلیغ اور جدید ذرائع ابلاغ کے زیر اہتمام علمائے بحرین و کویت کی حمایت میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کویت کی تاریخ میں شیعہ علمائے دین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ انیسویں صدی کے آخری اور بیسویں صدی کے ابتدائی برسوں سے شیعہ علماء اور مراجع نے کویت کی بنیادوں کو مضبوط بنانے، سماجی ڈھانچے کی تشکیل اور معاشرتی استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شیخ موسیٰ المزیدی، ان کے فرزند محمد المزیدی، آیت اللہ سید محمد مہدی قزوینی اور سید جواد قزوینی جیسی شخصیات نے مختلف تاریخی ادوار میں کویت کی حمایت اور اس کی ترقی کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ علما ہمیشہ حکمرانوں کے ساتھ اپنے تعلقات میں علمی خودمختاری اور وقار برقرار رکھتے ہوئے انہیں اصلاح اور بہتری کے لیے مشورے دیتے رہے ہیں۔ کویت میں شہید آیت اللہ سید عبداللہ دستغیب، شہید آیت اللہ سید محمد رضا سعیدی، شہید مرتضیٰ مطہری، آیت اللہ وحید خراسانی اور آیت اللہ ابوالقاسم خز علی جیسی شخصیات کی علمی و دینی سرگرمیوں نے بھی معاشرے کی مذہبی تربیت اور شناخت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
شیخ المعتوق نے کہا کہ کویت میں ایک طویل عرصے تک شیعہ اور اہل سنت کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم رہے۔ دونوں مکاتب فکر کے لوگ ایک دوسرے کی مذہبی تقریبات میں شرکت کرتے اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارتے تھے، تاہم ایران عراق جنگ کے بعد اختلافات اور انتہا پسندانہ رجحانات میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے حالیہ پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ مسلمانوں کے لیے عزاداری کی تقریبات، بالخصوص محرم کے ابتدائی دس دنوں کی مجالس منعقد کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ خواتین کی مذہبی مجالس بھی پابندیوں کی زد میں ہیں۔ اس کے علاوہ علما اور مراجع کے نمائندوں کے لیے شرعی وجوہات اور خمس جمع کرنے پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض شیعہ علمائے دین اور مذہبی اداروں کو عدالتی اور مالی دباؤ کا سامنا ہے اور بعض شخصیات و اداروں پر 6 کروڑ ڈالر تک کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
کویتی عالم دین نے جیلوں میں قید علمائے دین کے حوصلے اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود وہ اپنی عبادات، نماز شب اور اجتماعی تلاوت قرآن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں ایک تقریباً 80 سالہ بزرگ بھی شامل ہیں، جو قید کے باوجود غیر معمولی صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے آخر میں زور دیا کہ علمائے بحرین اور کویت کی حمایت کسی وقتی اقدام تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کی مستقل ذمہ داری ہے، جسے سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ نبھانے کی ضرورت ہے۔










آپ کا تبصرہ