بدھ 25 نومبر 2026 - 21:48
بحرین میں 69 شیعہ علمائے دین کی شہریت منسوخ، 41 علما گرفتار: شیخ عبداللہ الدقاق

حوزہ/ بحرین کے معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ عبداللہ الدقاق نے انکشاف کیا ہے کہ بحرین میں 69 شیعہ علمائے دین کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے، جبکہ 41 علما کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت کی جانب سے علمائے دین کے خلاف عدالتی کارروائیوں، مذہبی سرگرمیوں پر پابندیوں اور سخت سزاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جو مذہبی آزادی اور شہری حقوق کے منافی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ عبداللہ الدقاق نے 25 نومبر 2026 کو دفترِ تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم کے زیر اہتمام علمائے بحرین و کویت کی حمایت میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے عوام باوقار، غیرت مند اور ثابت قدم ہیں، لیکن آل خلیفہ حکومت نے شیعہ معاشرے اور علمائے دین کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بحرین میں 69 شیعہ علمائے دین کی شہریت منسوخ کی گئی ہے اور اس کارروائی کی زد میں ان کے والدین، بچوں اور پوتے پوتیوں تک کو لایا گیا ہے۔ معروف عالم دین آیت اللہ ابراہیم انصاری کے اہل خانہ بھی شہریت سے محرومی اور ملک بدری کا سامنا کر چکے ہیں اور اب مختلف ممالک میں رہنے پر مجبور ہیں۔

شیخ الدقاق کے مطابق گرفتار ہونے والے 41 علمائے دین میں پانچ ایسے علما بھی شامل ہیں جو اعلیٰ سطح کے دینی دروس دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ 11 علمائے دین کے خلاف، جو بحرین سے باہر مقیم ہیں، مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم بھی شامل ہیں۔

انہوں نے عدالتی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض مقدمات میں صرف چند منٹوں کی سماعت کے بعد پانچ علما کو 15، 15 سال قید اور دیگر افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ ان کے مطابق تقریباً 85 فیصد الزامات ایک جیسے ہیں، جبکہ 16 ہزار صفحات پر مشتمل دستاویزات کا جائزہ لینے کے لیے صرف 90 منٹ دیے گئے۔ 55 علمائے دین نے یہ بھی بتایا کہ ان کے وکلا کو مناسب طریقے سے دفاع کا موقع نہیں دیا گیا۔

بحرینی عالم دین نے کہا کہ شیعہ اوقاف کے آزاد ادارے کو اہل سنت کے اوقاف میں ضم کرکے وزارت کے ماتحت کر دیا گیا ہے، حالاں کہ دونوں ادارے صدیوں سے الگ الگ کام کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حسینیات اور لوگوں کے گھروں میں عزاداری کی مجالس منعقد کرنے پر بھی پابندیاں عائد ہیں اور حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجالس منعقد کرنے والے بعض منتظمین کو گرفتار کرکے عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بحرین کے آئین میں مذہبی آزادی کی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے علمائے دین کے خلاف مقدمات کی بنیاد پر سوال اٹھایا اور عالمی اداروں، عرب لیگ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سزاؤں کے خاتمے، گرفتار علما اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے آواز اٹھائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha