حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فتح رضوی نے ملک کی مختلف سرکاری و نجی جامعات میں ثقافتی تقریبات کے نام پر منعقد ہونے والے نائٹ کنسرٹس اور مخلوط محافل کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سرگرمیاں اسلامی، اخلاقی اور معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک لمحۂ فکریہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مغربی طرزِ ثقافت کے فروغ کی اجازت اور سرپرستی کون کر رہا ہے؟ جامعات کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت ہے، نہ کہ انہیں غیر ضروری سرگرمیوں میں الجھا کر ان کے حقیقی تعلیمی مسائل اور بنیادی حقوق سے غافل کرنا۔
سید فتح رضوی نے کہا کہ ایک طرف طلبہ سیاست اور طلبہ یونینز کی بحالی پر پابندیاں اور رکاوٹیں برقرار ہیں، جبکہ دوسری جانب نوجوانوں کی توجہ غیر ضروری سرگرمیوں کی جانب مبذول کروائی جا رہی ہے۔ طلبہ کو اپنے حقوق، تعلیمی مسائل، جمہوری آزادیوں اور طلبہ یونینز کی بحالی کے لیے منظم ہونے کا موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتیں نائٹ کنسرٹس اور غیر ضروری سرگرمیوں کے بجائے حصولِ علم، تعلیمی و بنیادی حقوق کے تحفظ، طلبہ یونینز کی بحالی اور مثبت طلبہ سیاست کے فروغ کے لیے وقف کریں۔ نوجوان نسل اپنی دینی، اخلاقی اور قومی اقدار کے تحفظ کو اپنی ذمہ داری سمجھے۔
مرکزی صدر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ جامعات میں منعقد ہونے والی ایسی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے اسلامی، اخلاقی اور تعلیمی تقاضوں کے مطابق ایک واضح ضابطۂ اخلاق مرتب کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر متعلقہ حکام نے اس معاملے پر فوری اقدامات نہ کیے تو جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملک بھر کی دیگر طلبہ تنظیموں کو ساتھ ملا کر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرے گی۔
سید فتح رضوی نے واضح کیا کہ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جدوجہد طلبہ کے بنیادی حقوق، طلبہ یونینز کی بحالی، مثبت طلبہ سیاست کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں دینی و اخلاقی اقدار کے تحفظ کے لیے جاری رہے گی۔










آپ کا تبصرہ