حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فتح رضوی نے سندھ اسمبلی میں طلبہ یونینز کی بحالی سے متعلق قرارداد کی متفقہ منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے طلبہ کے آئینی، جمہوری اور تعلیمی حقوق کی جدوجہد میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سید فتح رضوی نے کہا کہ طلبہ یونینز جمہوری تربیت، طلبہ کی نمائندگی اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کو درپیش مسائل کے مؤثر حل کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اس قرارداد کی متفقہ منظوری پر سندھ اسمبلی کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
مرکزی صدر جے ایس او پاکستان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ قرارداد کی منظوری کو عملی شکل دیتے ہوئے طلبہ یونینز کے باقاعدہ انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور انتخابات کا واضح شیڈول جاری کیا جائے، تاکہ طلبہ کو اپنی نمائندگی کا جمہوری حق حاصل ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان طلبہ یونینز کی مکمل بحالی، جمہوری طلبہ سیاست کے فروغ اور طلبہ کے بنیادی تعلیمی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔










آپ کا تبصرہ