حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعۃ النجف سکردو بلتستان پاکستان میں سالانہ محفلِ دعائے توسل عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں عالمِ اسلام کی سربلندی، اسلامی جمہوریہ ایران کی فتح و نصرت، فلسطین و غزہ، یمن اور دیگر مظلوم مسلمانوں کی کامیابی، نیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

محفل میں حجت الاسلام سید سجاد اطہر موسوی مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے زیارت آلِ یٰس کی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔
زیارت آلِ یٰس کے آغاز سے قبل حجت الاسلام سید سجاد اطہر موسوی نے طلابِ جامعۃ النجف سے خطاب کرتے ہوئے اہم اخلاقی اور تربیتی نکات بیان کیے۔
انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی، کردار اور عملی سیرت کے ذریعے امامِ زمانہؑ کے حقیقی سپاہی بننے کی کوشش کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دینی طالبِ علم کے افعال و کردار سے اس کے علم کی جھلک نمایاں ہونی چاہیے اور اس کی نماز، دعا، اخلاق اور طرزِ زندگی عام لوگوں سے ممتاز ہونا چاہیے۔ محض دینی علوم کا حصول کافی نہیں، بلکہ ان علوم کے اثرات انسان کے کردار اور عملی زندگی میں بھی نظر آنے چاہییں۔

انہوں نے اس سلسلے میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کے درس کا ایک واقعہ بیان کیا کہ ایک مرتبہ دورانِ تدریس انہوں نے اچانک ’’یا فاطمہ زہرا!‘‘ کہا تو درس میں موجود طلاب پر ایسی روحانی کیفیت طاری ہوئی کہ وہ کئی منٹ تک گریہ کرتے رہے، حالانکہ اس وقت کوئی مصائب بیان نہیں کیے گئے تھے۔
حجت الاسلام موسوی نے کہا کہ جب کسی عالم کی شخصیت میں معرفت، اخلاص اور اہلِ بیتؑ کی محبت راسخ ہو تو اس کے مختصر سے جملے میں بھی غیر معمولی تاثیر پیدا ہو جاتی ہے۔ لہٰذا طلاب کو علم کے ساتھ اپنے کردار اور روحانی کیفیت کو بھی بلند مقام تک پہنچانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی طالبِ علم جہاں بھی جاتا ہے، لوگ اس کے لباس، وضع قطع اور کردار سے اس کی دینی نسبت کو پہچانتے ہیں اور اسے احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس لیے ہر طالبِ علم کو احساس ہونا چاہیے کہ وہ صرف اپنی ذات کی نمائندگی نہیں کرتا، بلکہ ایک مقدس دینی ذمہ داری اور امامِ زمانہؑ کے مکتب سے وابستہ ہے۔

حجت الاسلام سید سجاد اطہر موسوی نے طلاب کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ چند ماہ مدرسے میں گزارتے ہیں تو لوگ آپ کو پہچاننے لگتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ آپ امامِ زمانہؑ کے مال سے استفادہ کر رہے ہیں، جو ایک بڑی امانت اور ذمہ داری ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس امانت کا حق ادا کیا جائے اور زندگی کو علم، عمل، تقویٰ اور خدمتِ دین کے لیے وقف رکھا جائے۔
خطاب کے دوران انہوں نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے منسوب ایک واقعہ بھی بیان کیا کہ ایک مرتبہ جنگ سے واپسی پر آپ بے چینی اور اضطراب کی کیفیت میں تھے۔ جب لوگوں نے اس کی وجہ دریافت کی تو آپ نے اپنے آخری جانشین کے بارے میں فکر کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ مجھے اندیشہ ہے کہ لوگ انہیں فراموش کر دیں گے۔
انہوں نے اس واقعے کی روشنی میں طلاب کو یاد دلایا کہ امامِ زمانہؑ کی معرفت، یاد اور ان کی نصرت و حمایت کی تیاری ہر دینی طالبِ علم کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

محفل کے دوران عالمِ اسلام کی سربلندی، کفار و منافقین کی سازشوں کی ناکامی، امریکہ و اسرائیل کی نابودی، اسلام اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فتح و نصرت، فلسطین و غزہ، یمن اور دیگر مظلوم مسلمانوں کی کامیابی، طلاب کی علمی ترقی، جامعۃ النجف کی پیش رفت، علمائے کرام کی صحت و سلامتی اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سالانہ محفلِ دعائے توسل کا اختتام امامِ زمانہؑ سے توسل اور بارگاہِ الٰہی میں دعا و التجا کے ساتھ ہوا۔










آپ کا تبصرہ