اتوار 22 نومبر 2026 - 02:19
اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

حوزہ/شہرِ علم و فضل قم المقدس میں حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت اور افکار و نظریات کے تعارف کے حوالے سے ’’اقبال شناسی‘‘ کے عنوان سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کا اہتمام جامعہ روحانیت بلتستان کے شعبۂ تحقیق نے فاطمیہ ہال میں کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 20 نومبر بروز جمعہ، شہرِ علم و فضل قم المقدس میں حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت اور افکار و نظریات کے تعارف کے حوالے سے ’’اقبال شناسی‘‘ کے عنوان سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کا اہتمام جامعہ روحانیت بلتستان کے شعبۂ تحقیق نے فاطمیہ ہال میں کیا۔

اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

اس علمی نشست کی نظامت جامعہ روحانیت بلتستان کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام شیخ حسن حسرت نے انجام دی، جبکہ تلاوتِ کلامِ الٰہی کا شرف سراج تھلوی کو حاصل ہوا۔

ابتدائی گفتگو میں شعبۂ تحقیق کے نگران، معروف قلم کار، عالمِ دین اور محقق شیخ بشیر دولتی نے شرکائے نشست اور بالخصوص مہمان مقرر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آئندہ بھی مختلف موضوعات پر علمی و تحقیقی نشستوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

اس نشست کے مقرر مولانا منظوم ولایتی تھے، جو قم المقدس میں فلسفہ و عرفان کے طالب علم ہونے کے ساتھ ایم اے اقبالیات کی سند بھی رکھتے ہیں۔ وہ ایک اچھے قلم کار، محقق اور صاحبِ طرز مقرر ہیں۔ اقبالیات کے موضوع پر ان کی گفتگو ہمیشہ علمی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

مولانا منظوم ولایتی نے اپنی گفتگو کا آغاز دو بنیادی سوالات سے کیا: ’’اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟‘‘

گفتگو کے پہلے حصے میں انہوں نے ’’اقبال شناسی کیسے؟‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کے عہد کے معاشی، سیاسی اور سماجی حالات سے آگاہی ناگزیر ہے۔ ہر انقلابی شخصیت کی فکری تشکیل پر اپنے زمانے کے نشیب و فراز کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اقبالؒ بھی اس اصول سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔

اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

انہوں نے وضاحت کی کہ اقبالؒ کی زندگی اور فکری ارتقا کو تین ادوار میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:

1۔ 1877ء تا 1905ء: تشکیلِ فکر
2۔ 1905ء تا 1926ء: انقلابِ فکر
3۔ 1926ء تا 1938ء: پختگیِ فکر

تشکیلِ فکر کے دور میں اقبالؒ کے ہاں قوم پرستی اور ہندوستانی شناخت کا تصور نمایاں نظر آتا ہے، جہاں وہ ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ جیسے افکار کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

انقلابِ فکر کے دور میں اقبالؒ جغرافیائی سرحدوں کی حدود سے بلند ہوکر ملتِ اسلامیہ کے اجتماعی مسائل اور امتِ مسلمہ کے تصور کو اپنی فکر کا محور بناتے نظر آتے ہیں۔

جبکہ پختگیِ فکر کے دور میں ان کی توجہ دنیا بھر کے مظلوموں، بالخصوص مسلمانوں کے مسائل اور ان کے حل کی جانب مرکوز دکھائی دیتی ہے۔

اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

مولانا منظوم ولایتی نے اسی تناظر میں علامہ اقبالؒ کی مختلف تصانیف، مثلاً ’’علم الاقتصاد‘‘، ’’بانگِ درا‘‘، ’’اسرارِ خودی‘‘، ’’رموزِ بے خودی‘‘ اور ’’The Reconstruction of Religious Thought in Islam‘‘ کا تعارف بھی پیش کیا۔

گفتگو کے دوسرے حصے میں انہوں نے ’’اقبال شناسی کیوں؟‘‘ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کو محض شاعر، ادیب یا فلسفی کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ ان کے افکار کو سمجھنے کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ انسان ان کی تعلیمات کی روشنی میں انسانی اقدار سے آراستہ زندگی گزار سکے۔ اقبالؒ انسان کو ایک باوقار اور بامقصد زندگی اختیار کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقبالؒ فلسفۂ خودی کو انسان کی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ اسی خودی کی بلندی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اقبالؒ کہتے ہیں:

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے

مقرر نے کہا کہ اقبالؒ کو پہچاننا اس لیے بھی ضروری ہے کہ ان کے افکار ہمیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتے ہیں۔ وہ ہمیں رسولِ اکرمؐ سے وفاداری کا درس دیتے ہوئے کہتے ہیں:

کی محمدؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں

اسی طرح وہ قرآن کو زندگی کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں:

نیست ممکن جز بہ قرآن زیستن

جبکہ قرآن فہمی کے ایک اہم سرچشمے کی نشاندہی کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

رمزِ قرآن از حسینؑ آموختیم

انہوں نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ اقبالؒ کے افکار و نظریات سے آگاہی ایک ایسی مسلم اور انسانی شناخت کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے، جو قرآن و تعلیماتِ اسلامی اور انسانی اقدار سے ہم آہنگ ہو۔

اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

ان دو بنیادی سوالات پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے بعد مقرر نے اپنی گفتگو کا اختتام کیا۔ یہ علمی نشست علامہ اقبالؒ کی شخصیت، افکار اور نظریات کو سمجھنے اور ان سے استفادہ کرنے کی ترغیب کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی۔ شرکائے نشست نے اس مفید اور بامقصد گفتگو کو سراہا۔

جامعہ روحانیت بلتستان کے شعبۂ تحقیق کی یہ کاوش علمی و فکری بیداری اور معاشرتی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ امید ہے کہ جامعہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی علمی و تحقیقی نشستوں کا اہتمام کرتی رہے گی۔

اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام علمی نشست کا انعقاد

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha