حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے صدر اور مجلس کے اراکین کے انتخابات 15 اکتوبر بروز جمعرات صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک امام حسینیہ بلتستانیہ قم میں منعقد ہوئے۔
صدارتی انتخابات میں حجۃ الاسلام محمد سعید نوری اور حجۃ الاسلام نثار حسین عاملی کے درمیان مقابلہ ہوا۔ حجۃ الاسلام نثار حسین عاملی نے 350 ووٹ حاصل کرکے دو سال کے لیے جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
علاوہ ازیں، مجلس جامعہ روحانیت بلتستان کے انتخابات میں مجموعی طور پر 30 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 25 افراد دو سال کے لیے مجلس کے اراکین منتخب ہوئے۔
انتخابی نتائج کے اعلان کی تقریب میں الیکشن کمیشن کے چیئرمین حجۃ الاسلام سید حیدر شاہ رضوی، موجودہ صدر حجۃ الاسلام علی نقی جنتی اور نومنتخب صدر حجۃ الاسلام نثار حسین عاملی نے قم میں زیرِ تعلیم بلتستان کے تمام علمائے کرام اور طلاب کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ عالمِ اسلام اور پاکستان کو اتحاد و وحدت کی دولت سے مالا مال فرمائے، باہمی اخوت و بھائی چارے کو فروغ دے اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن فرمائے اور عالمِ اسلام کو ہر قسم کے بحرانوں اور مشکلات سے محفوظ رکھے۔
اپنے صدارتی خطاب میں حجۃ الاسلام نثار حسین عاملی نے تنظیمی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھانے اور طلبہ و نوجوانوں کی فکری و تربیتی رہنمائی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ جامعہ روحانیت بلتستان، قم، ایران میں بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلاب کی ایک تنظیم ہے، جو پاکستان میں فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔










آپ کا تبصرہ