حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران قونصلیٹ کراچی کے نمائندہ اراکین پر مشتمل وفد نے ادارہ مدرسہ دارالحکمہ، جامع مسجد و امام بارگاہ نورِ ایمان، ناظم آباد نمبر 3 کراچی میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کی۔

وفد نے متحدہ علماء محاذ پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور جامع مسجد و امام بارگاہ نورِ ایمان کے امام و خطیب حجت الاسلام زاہد حسین ہاشمی مشہدی کی اقتدا میں نماز ادا کی۔
اس موقع پر حجت الاسلام زاہد حسین ہاشمی مشہدی اور متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری سمیت دیگر علماء، نمازیوں، معززینِ علاقہ اور انتظامیہ کے اراکین نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر ایرانی وفد نے ایران کی موجودہ صورتِ حال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مصالحانہ اور سفارتی کردار کو سراہا۔

وفد نے موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد، وحدت اور باہمی ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
شرکاء نے ایرانی وفد کی آمد کا پُرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایرانی قیادت کے جرأت مندانہ اور مزاحمتی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر علماء و عوام نے فلسطین، ایران، لبنان اور یمن کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کے اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

اس اجتماع اور ایرانی وفد سے ملاقات کو باہمی روابط، دینی و ملی یکجہتی اور امتِ مسلمہ کے مشترکہ مسائل کے حوالے سے تبادلۂ خیال کا ایک اہم موقع قرار دیا گیا۔










آپ کا تبصرہ