حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمام عہدے نبی، امام اور خلیفہ حضرت انسان کو دیے، کوئی فرشتوں کو نہیں ملا ۔اللہ تعالیٰ نے اتنی عظمت انسان کو اس لیے دی ہے کہ تاکہ وہ انسان بن کر رہے، سب کو پیار دے اور شفقت سے پیش آئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی مومن کے دل میں خوشی ڈالنے سے آپ کے اوپر آنے والی مصیبتیں ٹل جاتی ہیں۔ ہر صاحب استطاعت انسان کو چاہیے کہ مشکلات کے شکار مومنین کو راحت و سکون فراہم کرے، کیونکہ اصل انسانیت لوگوں کی مدد کرنا ہے، جو کسی کی مدد کر سکتا ہے ضرور کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ میانہ روی کی زندگی گزارنے والا کبھی فقیر یا غریب نہیں ہوگا، تکلفات سے بچیں، معصومین علیہم السلام کی سیرت پر عمل کریں ۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا بخل، لمبی امیدیں، طلب، حرص اور دنیا داری ایسی چیزیں ہیں جو دولت اکٹھا کرنے والے کے اندر پائی جاتی ہیں ۔اگر کوئی انسان خدا کی نہیں مان رہا اور غرباء اور مساکین کی طرف متوجہ نہیں ہے تو پھر خدا کہتا ہے کہ میری طرف سے کبھی کبھار اچانک عذاب آجاتا ہے جو سب کچھ تباہ کر دیتا ہے، آخرت کا عذاب سب سے بڑا ہے۔










آپ کا تبصرہ