اتوار 29 نومبر 2026 - 06:49
تعلیم کا مقصد انسان کامل کی تربیت ہے: شیخ ابراہیم زکزاکی

حوزہ/ سربراہ تحریک اسلامی نائیجیریا شیخ ابراہیم زکزاکی نے کہا ہے کہ تعلیم کا اصل مقصد ایسے انسان کی تربیت کرنا ہے جو خود شناسی، خدا کی بندگی اور زمین پر اللہ کے خلیفہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کا شعور رکھتا ہو۔ انہوں نے معیاری تعلیم، تربیت اور تعلیمی اداروں کی اصلاح پر بھی زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ ابراہیم زکزاکی نے تحریک اسلامی نائیجیریا کے مدارسِ فُدیہ کی کمیٹی کے تین روزہ اجلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی تعمیر اور باشعور نسل کی تربیت میں تعلیمی نظام کا بنیادی کردار ہے۔

انہوں نے موجودہ دور میں تعلیم کے اصل مقاصد سے انحراف پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ تعلیم کا مقصد کیا ہے۔ تعلیم کا حقیقی ہدف انسان کامل کی تربیت ہے، ایسا انسان جو اپنی حقیقت کو پہچانے، اچھی تربیت کا حامل ہو اور خود کو اللہ کا بندہ اور زمین پر اس کا خلیفہ سمجھے۔

شیخ زکزاکی نے نائیجیریا کے تعلیمی نظام اور مدارس کی گرتی ہوئی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں رائج غیر منصفانہ نظام کے اثرات تعلیم کے شعبے پر بھی پڑ رہے ہیں، تاہم یہ صورت حال ہمیشہ برقرار نہیں رہے گی اور اللہ کے حکم سے حالات تبدیل ہوں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن معاشرے میں عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم ہوگا۔

تحریک اسلامی نائیجیریا کے سربراہ نے تعلیمی سرگرمیوں کا مسلسل جائزہ لینے، بہتر منصوبہ بندی کرنے اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے لیے ماہر اور قابل اساتذہ، مناسب تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔

شیخ ابراہیم زکزاکی نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ علمی و تعلیمی سرگرمیوں کی حمایت کریں اور ان کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ علم و تعلیم کی سرپرستی اللہ کی خوشنودی اور اجر حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha