اتوار 29 نومبر 2026 - 16:44
اے ایم یو کی ڈیڑھ صدی کی کھیلوں کی تاریخ محفوظ؛ ”علی گڑھ اسپورٹس کرونیکل“ کا اجراء

حوزہ/علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ڈیڑھ سو سالہ شاندار کھیلوں کی وراثت، تاریخی کامیابیوں اور یادگار واقعات پر مشتمل کتاب ’علی گڑھ اسپورٹس کرونیکل‘ کی رونمائی یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹو بلاک کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پروفیسر ایف ایس شیرانی کی تصنیف کردہ اس کتاب کی رونمائی پدم شری یافتہ اولمپیئن اور بھارتی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ڈاکٹر ظفر اقبال، اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، بھارتی ایتھلیٹکس ٹیم کے سابق کوچ اور این ایس این آئی ایس پٹیالہ کے سابق ڈین کمال علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، اے ایم یو گیمز کمیٹی کے سابق سکریٹری سید امجد علی رضوی اور یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے مشترکہ طور پر کی۔

اس موقع پر کتاب کے مصنف پروفیسر ایف ایس شیرانی نے سلائیڈ پریزنٹیشن کے ذریعے اے ایم یو کے ڈیڑھ سو سالہ کھیلوں کے سفر سے وابستہ دلچسپ تاریخی واقعات، جدوجہد اور نمایاں کامیابیوں کو پیش کیا۔ اس دوران متعدد ایسے جذباتی اور یادگار لمحات بھی سامنے آئے جنہوں نے حاضرین کو ماضی کی شاندار یادوں میں کھو جانے پر مجبور کردیا۔

اے ایم یو کی ڈیڑھ صدی کی کھیلوں کی تاریخ محفوظ؛ ”علی گڑھ اسپورٹس کرونیکل“ کا اجراء

تقریب میں مہمانوں کا استقبال یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان اور جمخانہ کلب کی صدر پروفیسر عفت اصغر نے پودے پیش کرکے کیا۔

1982ء کے ایشیائی کھیلوں میں بھارتی ایتھلیٹکس ٹیم کے کوچ اور این ایس این آئی ایس پٹیالہ کے سابق ڈین کمال علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اس ادارے کی بدولت ہیں۔ ملک کی درجنوں یونیورسٹیاں ان کی کوچنگ اور تجربے سے استفادہ کر رہی ہیں، تاہم یہ ان کے لیے افسوس کی بات ہے کہ اے ایم یو نے اب تک ان کی خدمات سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے یونیورسٹی کو یقین دلایا کہ جب بھی ان کی خدمات درکار ہوں گی، وہ بغیر کسی معاوضے کے پورے جذبۂ خدمت کے ساتھ کھلاڑیوں اور کھیلوں کی ترقی کے لیے اپنا تعاون پیش کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مادرِ علمی کے لیے خدمات انجام دینا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہوگا۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کتاب کی اشاعت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کی ڈیڑھ سو سالہ کھیلوں کی وراثت کو محفوظ کرنا ایک تاریخی اور قابلِ ستائش کاوش ہے۔ کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کا دائرہ صرف یونیورسٹی کیمپس تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسکولوں میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں کی بھی شناخت کرکے انہیں مناسب تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے یونیورسٹی گیمز کمیٹی پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کرے، تاکہ مستقبل کے بہترین کھلاڑی تیار کیے جاسکیں۔

پدم شری ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ ’علی گڑھ اسپورٹس کرونیکل‘ محض ایک کتاب نہیں، بلکہ اے ایم یو کی ڈیڑھ صدی پر محیط محنت، جدوجہد، کامیابیوں اور کھیلوں کی ثقافت کی ایک تاریخی دستاویز ہے۔ اس نوعیت کی کاوشیں نئی نسل کو اپنی شاندار وراثت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اے ایم یو کی ڈیڑھ صدی کی کھیلوں کی تاریخ محفوظ؛ ”علی گڑھ اسپورٹس کرونیکل“ کا اجراء

انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے نظم و ضبط، مسلسل مشق اور لگن بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اے ایم یو میں کھیلوں کی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں بہتر مواقع اور درست رہنمائی فراہم کرنے کی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کو یقین دلایا کہ کھلاڑیوں کی رہنمائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کتاب کے مصنف پروفیسر ایف ایس شیرانی اور یونیورسٹی گیمز کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کے 150 سالہ کھیلوں کے سفر کو کتابی صورت میں محفوظ کرنا یونیورسٹی کی شاندار وراثت کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، قائدانہ صلاحیت، خود اعتمادی اور اجتماعی تعاون کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان کو کھیلوں کی سہولیات میں توسیع اور کھلاڑیوں کی ترقی کے حوالے سے ضروری تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب کے اختتام پر جمنازیم کلب کے صدر ڈاکٹر افتخار احمد انصاری نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مظہر القمر نے انجام دیے۔

اس موقع پر ڈاکٹر آصف خان، ڈاکٹر انس، ڈاکٹر شمشاد عالم، اسپورٹس کالج کے ریٹائرڈ پرنسپل آلے حیدر، نواب حیدر علی خان اسد، ڈاکٹر احسان احمد، جگبیر سنگھ، ڈاکٹر یاسر عظیم، انیس الرحمان خان، پروفیسر انیس جہاں، ڈاکٹر معراج فریدی، ڈاکٹر سرفراز عالم اور پروفیسر جاوید علی خان سمیت کھیلوں کے کوچز اور سابق کھلاڑی بھی موجود تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha