ہفتہ 28 نومبر 2026 - 11:36
حقیقی عزت و عظمت کا معیار مال و منصب نہیں، بلکہ پرہیزگاری اور حسنِ کردار ہے۔: مولانا سید عترت حسین

حوزہ/ اعظم گڑھ کی جامع مسجد کربلا حسین آباد میں خطیبِ جمعہ مولانا سید عترت حسین نے تقویٰ اور خوفِ الٰہی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی عزت و عظمت کا معیار مال و منصب نہیں، بلکہ پرہیزگاری اور حسنِ کردار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اعظم گڑھ/ جامع مسجد کربلا، حسین آباد، شاہ دیوئت، اعظم گڑھ میں 27 نومبر 2026ء کو نمازِ جمعہ کا خطبہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید عترت حسین صاحب قبلہ نے دیا۔ انہوں نے تقویٰ اور خوفِ الٰہی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی عزت و عظمت کا معیار مال و دولت، منصب، حسب و نسب یا ظاہری وجاہت نہیں، بلکہ تقویٰ اور پرہیزگاری ہے، جو انسان کو بارگاہِ خداوندی میں معزز و مکرم بناتی ہے۔

مولانا سید عترت حسین نے قرآن مجید کی آیت «إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللّٰهِ أَتْقَاكُمْ» کی روشنی میں بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک انسانوں کی برتری کا معیار ان کا تقویٰ ہے۔ رنگ، نسل، قوم، قبیلہ اور خاندان انسان کی شناخت تو ہو سکتے ہیں، لیکن حقیقی فضیلت کی بنیاد نہیں۔ انسان کی عظمت اس وقت نمایاں ہوتی ہے جب وہ اپنے دل کو پاکیزہ، کردار کو بلند اور اعمال کو رضائے الٰہی کے تابع بناتا ہے۔

انہوں نے سورۂ آل عمران کی آیت 102 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقویٰ کوئی وقتی عمل یا چند مخصوص عبادات کا نام نہیں، بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں اللہ تعالیٰ کی رضا کو پیشِ نظر رکھنے کا نام ہے۔ خوفِ خدا انسان کو گناہوں سے بچاتا اور نیکی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ تاہم خوفِ الٰہی کا مطلب اللہ کی رحمت سے مایوس ہونا نہیں، بلکہ مؤمن کی زندگی خوف اور امید کے درمیان ہوتی ہے؛ وہ اپنے گناہوں سے ڈرتا ہے اور اللہ کی بے پایاں رحمت سے امید رکھتا ہے۔

خطبے میں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے کلام کی روشنی میں تقویٰ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ حقیقی تقویٰ انسان کو خواہشاتِ نفسانی کی غلامی سے آزاد کرتا ہے۔ متقی انسان غصے، مال و دولت کے لالچ اور اقتدار کی خواہش میں حق کو نہیں چھوڑتا، ظلم سے اجتناب کرتا ہے اور دنیاوی فائدے کے لیے اپنے ایمان و ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔ حقیقی بہادری صرف میدانِ جنگ میں دشمن کو شکست دینا نہیں، بلکہ اپنے نفس کی خواہشات پر قابو پانا بھی ہے۔

مولانا سید عترت حسین نے مزید کہا کہ تقویٰ کا عملی تقاضا ہے کہ انسان اپنے گھر اور معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرے، رشتہ داروں کے حقوق ادا کرے، یتیموں اور محتاجوں کی مدد کرے، پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ سلوک کرے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ کرے۔ مال و دولت انسان کے پاس ہو تو نعمت ہے، لیکن اگر وہ دل میں جگہ بنا لے تو آزمائش بن جاتی ہے۔ اسی طرح منصب خدمتِ خلق کے لیے ہو تو ذمہ داری ہے، لیکن تکبر کا سبب بن جائے تو انسان کی تباہی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا سید عترت حسین نے کہا کہ آپ کی زندگی عصمت و طہارت، عبادت و بندگی، معرفت و ولایت، ایثار و استقامت اور صبر و شکر کا کامل نمونہ ہے۔ آپ کی ذاتِ اقدس نہ صرف خواتین بلکہ پوری انسانیت کے لیے نمونۂ عمل ہے۔ انہوں نے سورۂ احزاب کی آیتِ تطہیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی ہمیں حقیقی عظمت کا معیار بتاتی ہے، جو دنیاوی مال و منصب کے بجائے تقویٰ، پاکیزگی، اخلاق، علم اور رضائے الٰہی میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے مؤمنین کو تاکید کی کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کو صرف جشن و مسرت تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ آپ کی سیرت کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کا عہد کیا جائے۔ خواتین اپنی زندگی کو سیرتِ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مطابق سنواریں، جبکہ مرد حضرات اپنے گھروں میں ماؤں، بیٹیوں اور خواتین کو عزت و احترام دیں، جیسا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات میں تاکید کی گئی ہے۔

خطبے کے اختتام پر مولانا سید عترت حسین نے کہا کہ تقویٰ کا تصور صرف نماز، روزہ، تلاوتِ قرآن اور مجالس و محافل میں شرکت تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اگر کوئی شخص عبادات انجام دیتا ہے، لیکن والدین کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے، اہلِ خانہ کے حقوق ادا نہیں کرتا، پڑوسیوں کو تکلیف پہنچاتا ہے، لوگوں کا مال دبا لیتا ہے یا تجارت میں دھوکہ دیتا ہے تو اسے اپنے تقویٰ کا جائزہ لینا چاہیے۔ قرآن مجید عدل، احسان، صلۂ رحم اور برائی و ظلم سے اجتناب کا حکم دیتا ہے۔

آخر میں انہوں نے تمام مؤمنین و مؤمنات کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی پیشگی مبارک باد پیش کی اور بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ پروردگار عالم تمام مؤمنین کو حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے ایثار و وفاداری اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تقویٰ، طہارت اور عبادت کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اسلام و مسلمین کی حفاظت فرمائے، مراجعِ کرام، علماء اعلام اور روضہ ہائے مقدسہ کو محفوظ رکھے، دشمنانِ اسلام کو ناکام و نامراد کرے اور امتِ مسلمہ کو محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی حقیقی پیروی پر ثابت قدم رکھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha