حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد اور مومنین رضا آباد کی جانب سے رضا آباد نزد جیکب آباد میں عظیم الشان جشن عید غدیر کا اجتماع منعقد ہوا۔ جشن عید غدیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ولایت اہل بیت (ع)دین اسلام کی روح ہے اور امامت و ولایت کے بغیر دین نا مکمل ہے اسی لئے قرآن کریم نے اعلان ولایت کے موقع پر فرمایا آج تمہارے لئے دین مکمل ہوا اور نعمتیں تمام ہوئیں۔
انہوں نےکہا کہ نظام ولایت آج عالمی قوت بن چکا ہے جس سے شیاطین عالم خائف ہیں حضرت امام خمینی نے پیغام غدیر اور نظام ولایت کی روشنی میں ایک الہی حکومت قائم کی جو نور کی کرن بن کر دنیا سے ظلمتوں کا خاتمہ کر رہی ہے۔
تقریب جشن عید غدیر میں نجف اشرف سے آئے ہوئے عالم دین مولانا علی ارشد نجفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید غدیر سال کی افضل ترین عید ہے کہ جس دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مولا علی کی ولایت کا اعلان کیا عصر غیبت میں نائب امام اور ولایت فقیہ کی اطاعت کر کے ہم نظام ولایت سے منسلک ہو سکتے ہیں۔
تقریب جشن سے مولانا ارشاد علی سولنگی مولانا منور حسین انقلابی استاد فخر الدین انڑ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ آغاز میں اسکول اور دینیات سینٹرز کے طلبہ و طالبات میں عید غدیر کی مناسبت سے کوئز مقابلہ منعقد ہوا اور پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔