حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ایران پر دواؤں اور خوراک کی پابندی عائد نہ ہونے کے امریکی دعوے کو کذب محض قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کمپنی ایران میں غذا اور دوائیں درآمد کرنے کی کوشش کرتی ہے تو اسے عملی طور پر بینکنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں انسانی حقوق سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مستقبل قریب میں صدر ایران کے دورہ جاپان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان نے کشیدگی کم کرنے کے لئے نیک نیتی کے ساتھ کچھ تجاویز پیش کی ہیں اور امید ہے کہ صدر روحانی کے دورہ جاپان میں تہران اور ٹوکیو کسی مطلوبہ نتائج تک پہنچ جائیں گے۔
انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے کا خواہاں ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے برطانیہ میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے فرانس، جرمنی، روس اور چین کے ساتھ ہی برطانیہ کی نئی حکومت بھی ایٹمی سمجھوتے کی پابندی کرے گی اور اس سمجھوتے میں واپسی کے لئے عملی اقدامات انجام دے گی۔