۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
علامہ سبطین سبزواری

حوزہ/ ہم پر عزم ہیں کہ جتنے مرضی مقدمات درج کر لیں، ریاستی جبر اور مقدمات کے باوجود عزاداری سید الشہداء ہر صورت جاری رہے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے عشرہ محرم الحرام میں عزاداروں پر پولیس کے ناروا سلوک اور عزاداری میں رکاوٹوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عزاداری سیدالشھداء ہر قیمت پر برقرار رکھیں گے اور کسی قدغن کو برداشت نہیں کریں گے۔ پہلے عشرہ محرم میں پولیس پارٹی بنی رہی، کئی مقامات پر انتظامیہ اور پولیس نے غیر آئینی و غیر قانونی طور پر پارٹی بن کر مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا میں رکاوٹیں پیدا کیں، بانیان مجالس کو ہراساں کرنے کیساتھ چادر اور چاردیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا لیکن ہم پر عزم ہیں کہ جتنے مرضی مقدمات درج کر لیں، ریاستی جبر اور مقدمات کے باوجود عزاداری سید الشہداء ہر صورت جاری رہے گی۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کے موضع چوچک میں پولیس کی نہ صرف نااہلی سامنے آئی بلکہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی نے ذوالجناح کی بے حرمتی کی اور شرپسندوں کو جلوس پر حملے کیلئے اکسایا۔

شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر نے مظفر گڑھ اور لودھراں کے ڈی پی اوز کے عزاداری سید الشہداء کیخلاف دہشتگرد ناصبی گروہ کی ترجمانی میں غیر آئینی غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں عہدوں سے برطرف کرکے غیر جانبدار پولیس افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

آخر میں کہا کہ پولیس نے مجالس اور جلوسوں کیخلاف ایف آئی آرز درج کرکے تعصب کا اظہار کیا ہے، ہم وزیر اعظم عمران خان سے پوچھتے ہیں کہ یہ پولیس اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ہے یا کسی تکفیری گروہ کی؟۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .