۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
حضرت آیت الله وحید خراسانی

حوزہ/ حضرت آیت اللہ وحید خراسانی نے فرمایا:تمام مذہبی ہیئت اور انجمنوں کو چاہیے کہ شعائر مہدویت کو زندہ رکھنے کیلئے اقدام کرے۔دنیا کے گوشہ و کنار میں بسنے والے مسلمان، یوم ولادت با سعادت حضرت مہدی(عج)کو منانے کیلئے سعی و کوشش کریں۔اس سال نیمہ شعبان کو پچھلے سالوں سے منفرد انداز میں منایا جانا چاہئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ وحید خراسانی نے جمعرات کے روز حضرت امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت اور نیمہ شعبان کے حوالے سے اپنے دفتر کی استفتاء کمیٹی کے اراکین سے خطاب کیا کرتے ہوئے،اس سال ولادت حضرت صاحب الزمان علیہ السلام اور نیمہ شعبان کو پچھلے سالوں کی نسبت منفرد انداز میں منایا جانے پر زور دیا ہے۔

عزت مآب کے خطاب کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:

بسم الله الرحمن الرحیم

ان شاء اللہ حضرت امام زمان علیہ السلام کے یوم ولادت کو ہر سال گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ شان و شوکت کے ساتھ منانا چاہئے؛ کیونکہ” بِیُمنِهِ رُزِقَ الوَری‌ وَ بِوُجُودِهِ ثَبَتَتِ الأرضُ و السَّماء “. اگر ایک لمحے کے لئے کائنات پر ان کے لطف وکرم کی نظر نہ ہو تو کائنات مٹ جائے گی۔ ہمارا وجود ان کی برکت سے ہے؛ لہٰذا ہر حال میں ان کی یاد منانا اور شعائر مہدویت کو زندہ رکھنا ہمارا فریضہ ہے۔

ان شاءاللہ تمام مذہبی انجمنیں نیمہ شعبان کے احیاء کے لئے اقدامات کریں گی۔ ان کے اجر و ثواب شب قدر کی مانند ہوں گے۔ شب قدر میں نامہ اعمال لکھا جائے گا، ان کی خدمات کو بھی اس نامہ عمل میں لکھا جائے گا۔ آپ کی تقدیر، نیمہ شعبان میں سرانجام دینے والی آپ کی خدمات سے وابستہ ہے۔ نیمہ شعبان حضرت امام مہدی علیہ السلام کی ولادت کی رات ہے۔امام زمان علیہ السلام کابابرکت وجود،کون و مکان کا محور اور عالم غیب و شہود کا سرچشمہ ہے۔

اس سال نیمہ شعبان کو گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ شان و شوکت سے منائیں۔ ہر شخص کا اپنا ایک نصیب ہوتا ہے،اپنی طاقت اور وسعت کے مطابق شب قدر کی راہ میں قدم بڑھائیں۔ ” وَتَمَّت کَلِمَتُ رَبِّکَ صِدقًا وَعَدلًا ”امام زمان علیہ السلام کے مبارک وجود کے سبب نیمہ شعبان میں کلمات اور نعمتوں کا کمال پایا جاتا ہے۔ تمام انبیاء اور اولیاء کے پاس علم کے 30 حروف میں سے صرف 2 حروف ہیں، باقی 28 حروف کا تعلق امام زمان علیہ السلام سے ہے۔ آپ کے عظیم ظہور کی بدولت ہر شخص کی عقل 40 لوگوں کی عقل کے برابر ہوجائے گی۔

دنیا کے گوشہ و کنار میں بسنے والے مسلمان اس دن کو زندہ کرنے کیلئے سعی و کوشش کریں۔ شب قدر جو کہ تقدیر کی رات ہے امام علیہ السلام کی تائید سے آئے گی، آپ علیہ السلام،اللہ تعالیٰ کے اذن سے چیزوں کی تغییر و تبدیل پر قدرت و طاقت رکھتے ہیں۔ یہ سال گزشتہ سالوں سے مختلف ہونا چاہئے۔ جتنے بھی بیمار شفایابی اور صحت یابی کے منتظر ہیں اور جتنے مقروض اپنے قرض کی ادائیگی کی دعا کر رہے ہیں وہ نیمہ شعبان کے دن اور رات میں اللہ تعالٰی سے دعا کریں۔

تمام مؤمنین و مؤمنات کے تعاون سے اس سال امام زمان علیہ السلام کی ولادت کو گزشتہ سالوں سے بہتر اور منفرد انداز میں منائیں۔امام علیہ السلام ہی کلمۃ العلیا،بہ تمّت الکلمۃ ہیں۔ ہماری طرف سے توسل اور ان کی طرف سے عنایت و بخشش۔
 تمام لوگوں کو چاہئے کہ روزانہ حتی الامکان قرآن مجید کی تلاوت امام علیہ السلام کی حفاظت کی نیت سے کریں۔ اس دستور کو ترک نہ کریں ان شاء اللہ شعائر مہدویت کو زندہ رکھنے کے ساتھ پوری امت مسلمہ مہدوی ہوجائے گی۔

خدایا!ہمیں امام زمانہ علیہ السلام کے اصحاب و انصار میں سے قرار دے اور اس زمین و آسمان کے سرور و سالار کے ہم رکاب ہوکر شہادت جیسی عظیم  موت سے سرخرو فرما۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .