۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
امام رضا علیہ السلام کے حرم میں روزہ داروں کے لئے سادہ افطاری کا انتظام

حوزہ/ امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں زائرین کی خدمات کے شعبے کے سربراہ نے بتایا کہ زائرین کے لئے سادہ افطاری کے خصوصی پیکٹس تقسیم کئے جارہے ہيں۔ ہر روز بیس ہزار پیکٹس نمازیوں میں تقسیم ہورہے ہیں اور پروگرام کے مطابق اس مبارک مہینے کے اختتام تک کل چھ لاکھ افطاری کے پیکٹس زائرین کے درمیان تقسیم کئے جائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں زائرین کی خدمات کے شعبے کے سربراہ امین بہنام نے اس معنوی پروگرام کی تفصیل بیان کی اور کہا: ماہ مبارک رمضان میں امام رضا علیہ السلام میں کے حرم مطہر میں چونکہ اذان مغرب کے وقت زائرین کی اچھی خاصی تعداد موجود ہوتی ہے، اس لئے ان سب کے لئے حسب معمول افطاری کے پیکٹس کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

تصویری جھلکیاں: امام رضا (ع) کے حرم میں روزہ داروں کے لئے سادہ افطاری کا انتظام

انہوں نے کہا کہ حرم مطہر میں افطاری کے یہ پیکٹس مغرب اور عشا کی نماز کے بعد زائرین میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ افطاری کا ہر پیکٹ مکمل غذا کا ایک مجموعہ ہے جس میں روٹی، پنیر، دودھ، کھجور، کشمش، اخروٹ اور فیرنی وغیرہ شامل ہیں۔

امین بہنام نے یہ بھی بتایا کہ ہر روز بیس ہزار پیکٹس نمازیوں میں تقسیم ہورہے ہیں اور پروگرام کے مطابق اس مبارک مہینے کے اختتام تک کل چھ لاکھ افطاری کے پیکٹس زائرین کے درمیان تقسیم کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ایران سے بڑی تعداد میں عوام "وقف و نذر رضوی" کی مختلف اپلیکیشنز کے ذریعے اس روحانی اور معنوی پروگرم میں گھر بیٹھے برقی نظام کے تحت اپنی مرضی اور خواہش کی رقومات بھیج کر شرکت کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خیال کیا جا رہا ہے اگر کرونا کی صورتحال قابو میں رہی تو مشہد شہر میں اس عمومی مشارکت کے پروگرام کے تحت روزانہ تیس ہزار تک پیکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ حرم مطہر کے شعبہ خدمات کے سربراہ نے کہا کہ پروگرام کے تحت  مہمانی خدا کے اس پورے مہینے میں محترم زائرین، دن میں دوبار یعنی سحری اور افطاری کے موقع پر امام رضا علیہ السلام کے مہمان ہوں گے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ چونکہ مشہد میں آج کل کرونا کی وبا کا زور ہے اس لئے ساری نماز باجماعت جو حرم کی حدود میں ادا کی جاتی ہیں، ان میں حفظان صحت کی پوری پابندی کی جاتی ہے، نماز باجماعت صرف کھلے صحن میں ہوتی ہیں اور اس کے علاوہ حرم کے خدام اورسبھی ذمے داروں کو بھی حفظان صحت کے تمام اصولوں پر سختی سے کاربند رہنے کی تاکید کی جا چکی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .