حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کی معروف دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس مہلک وباء سے حفاظت کے لئے تمام لوگوں سے حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے جاری گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
جاری بیان میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ کورونا انفیکشن کی دوسری لہر جس طرح ملک میں پھیل رہی وہ نہایت ڈراؤنی صورتحال ہے، اس کی وجہ سے مسلسل متاثرہ افراد کی اموات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، لہٰذا بہت ضروری ہے کہ اس کی روک تھام کے لئے جو بھی طریقے ہیں ،انہیں اپنایا جائے کیونکہ انسانی زندگی سب سے زیادہ قیمتی ہے۔
مفتی نعمانی نے کہا کہ زندگی بہت قیمتی ہے،ہمیں اس کو سمجھنا ہوگا اور اسے بچانے کے لئے اپنے جذبات کی قربانی دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھیڑ سے بچنے اور ماسک لگانے سے اس مرض سے بچا جاسکتا ہے ، لہٰذا یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم کووڈ19؍ کی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کریں۔
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ ہمیں اپنی عبادتگاہوں میں بھی اس کا خیال رکھنا ہوگا،لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ عبادتگاہوں میںاتنے ہی لوگ جائیں جتنے لوگوں کو مقامی انتظامیہ نے اجات دی ہو ئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت وانتظامیہ نے نائٹ کرفیو ہماری حفاظت کے لئے لگایا ہے اسلئے سبھی کو اس پر عمل کرنا چاہئے۔واضح رہے کہ اس وقت ملک میں کورونا کی دوسری لہر تیزی سے اپنا اثر دکھارہی ہے اور اتوار کے روز ریکارڈ دو لاکھ ساٹھ ہزا رنئے کیس سامنے آئے ہیں،جو کہ ایک دن میںاب تک سب سے زیادہ ہیں۔