حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبہ قم حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید ظفر علی شاہ نقوی نے گستاخ اہلبیت علیہم السلام عبدالرحمن سلفی کی گستاخیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت اقدام ہے ۔ اہلبیت پیغمبر اکرم کے احترام مودت اور محبت کو خداوند متعال نے قرآن مجید میں صریحا تمام امت مسلمہ پر واجب قراردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہلبیت رسول (ص) کی شان میں گستاخی اور توہین کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔ مودت اہبیت کا مسئلہ صرف شیعوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ تمام اہلسنت برادران بھی اہلبیت کے سچے عقیدت مندوں میں شمار ہوتے ہین ۔ محبت اہلبیت اور احترام صحابہ ملت اسلامیہ کے درمیان مشترکہ عقیدہ ہے کہ جس پر تمام علماء شیعہ وسنی متحد ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم اپنے مراجع عظام کے فتوے پر عمل کرتے ہوئے صحابہ کرام کے احترام اور توہیں کو جائز نہیں سمجھتے اس طرح تمام اہلسنت برادران بھی اھل بیت پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے کو برداشت نہیں کرتے ۔ آج تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنے مشترکہ اصول پر عمل کرکے دشمنان اسلام کے خلاف متحد ہو جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ عبدالرحمن سلفی نے اہلبیت (ع) کی توہین کرکے نہ فقط اہل تشیع بلکہ تمام محبان اہلبیت علیہم السلام اور دوستداران صحابہ کرام کے دلوں کو مجروح کیا ہے۔ اس لئے ہم اس قسم کی مذموم حرکتوں کو دشمنان اسلام کی سازش سمجھتے ہیں۔ لہذا حکومت سے ہم پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی مذہبی منافرت کو فروغ دینے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ دوسروں کے لیے درس عبرت بن سکیں۔