۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام یوم احتجاج و ریلیاں

حوزہ/ شیعہ علما ءکونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشن نے بتایا ہے کہ ملزم عبدالرحمن سلفی کو گرفتارکرلیا گیا ہے، گستاخ کی پھانسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی اپیل پر اہل بیت کی شان میں گستاخی کے خلاف جمعتہ المبارک کو یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا۔ چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق،نماز جمعہ کے اجتماعات میں عظمت اہل بیت پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ اہل بیت سے محبت کا اظہار صرف اہل تشیع ہی نہیں ہے اہل سنت بھی کرتے ہیں اور ان دنوں اہل سنت کی طرف سے اہل بیت کی شان میں گستاخی پرجو ردعمل آیا ہے، اس کو سراہتے ہیں۔

علامہ سبطین سبزواری نے مسجد صاحب الزمان ؑحیدر روڈ اسلام پورہ میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توہین اہل بیت دراصل توہین رسالت ہے جبکہ توہین رسالت توہین اسلام ہے۔ اہل بیت کی شان میں گستاخی فقط اہل تشیع کا ہی نہیں، پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔گستاخی اہل بیت سے صرف شیعہ ہی نہیں اہل سنت کے دل بھی چھلنی ہوئے ہیں۔اگر پہلے اہل بیت کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہوتا تو اذان الٰہی المعروف عبدالرحمن سلفی جیسے ملعون کومزید گستاخی کی جرات نہ ہوتی ۔ 

شیعہ علماءکونسل کے رہنما نے کہا کہ ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ملعون شخص کو کیفرکردارتک پہنچائیں ۔علامہ سبطین سبزواری نے بتایا کہ انہیں ڈی آئی جی آپریشن نے ٹیلی فون کرکے بتایا ہے کہ ملزم عبدالرحمن سلفی کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

انہوں نے پولیس اور سکیورٹی اداروں کی طرف سے ملزم کی گرفتاری کوسراہتے ہوئے کہا ملزم کو سزا دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ہم گستاخ اہل بیت کی پھانسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔شیعہ علما ءکونسل شمالی پنجاب کے صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت، انتظامیہ اور پولیس دوہرے معیار کا شکار ہے۔ ایک عرصہ سے محسوس کیا جارہا ہے کہ ریاست اہل بیت اطہار کے خلاف ہونے والی گستاخی بارے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔ پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین ، محافظ رسالت حضرت ابو طالب ، دختر پیغمبر حضرت فاطمة الزہرا،امام حسن اور امام حسین علیہم السلام کی توہین کی جاتی ہے، مگرادارے خاموش رہتے ہیں۔ امام موسیٰ کاظم ، امام محمد تقی اور امام علی نقی کی توہین کی گئی حکومت اوراداروں کی طرف سے سردمہری کا مظاہرہ کیا گیا ۔ لیکن بنو امیہ، ابو سفیان اور ہندہ کے بارے کوئی بات کر دی جائے، امیر شام کے حوالے سے تاریخی حقائق بیان کردئیے جائیں تو فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گستاخی اہل بیت کا حالیہ واقعہ محرم الحرام اور صفر میں حالات خراب کرنے کا شاخسانہ ہے ،اگر انہوں نے اداروں نے ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے سزا دلانے میں تاخیر کی تو آئندہ کا لائحہ عمل تیار کریں گے اورواضح کرتے ہیں کہ ملزم کی سزا تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔احتجاجی اجتماع سے مولانا محمد باقر گھلو، مولانا امجد علی عابدی، مولانارائے ظفر علی اور قاسم علی قاسم نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .