۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شیعہ علماء کونسل

حوزہ/ شیعہ علماءکونسل پاکستان کے نئے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یونٹ ، تحصیل اور اضلاع کے بعد الیکٹورل کالج مکمل ہونے پر صوبوں کی تنظیم نو کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی مضبوطی کے لئے یونٹ اور ضلع کو منظم ہونا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ شیعہ علماءکونسل پاکستان کے نئے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کے اعزاز میں ایس یو سی ضلع لاہور کی جانب سے مسجد علامہ الحائری وسن پورہ میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

استقبالیہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے ملی پلیٹ فارم کی تنظیم سازی کو مکمل کرنے اور کارکنوں سے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نظریاتی اور فکری تربیت کے حامل افراد کو عہدے دیئے جائیں ۔جو قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے افکار کے مطابق تنظیم کو چلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں ۔

استقبالیہ تقریب میں مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مصور نقوی،حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا حسن رضا قمی، شبیر نقوی ،ڈویژنل صدر قاسم علی قاسمی،ضلعی صدرشوکت علی اعوان،ضلعی جنرل سیکرٹری جعفر علی شاہ اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔

علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ یونٹ ، تحصیل اور اضلاع کے بعد الیکٹورل کالج مکمل ہونے پر صوبوں کی تنظیم نو کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی مضبوطی کے لئے یونٹ اور ضلع کو منظم ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے انہیں مرکزی سیکرٹری جنرل بنا کران پر اعتماد کیا ہے، وہ ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ ایس یو سی کے سیکرٹر ی جنرل نے بتایا کہ وہ 2010ء سے قائد ملت اسلامیہ کے حکم پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر کام کر رہے ہیں، عوامی فلاحی کام کو جاری رکھیں گے۔

شیعہ علماء کونسل کے نئے عہدے داروں نے علامہ شبیر حسن میثمی کی قیادت میں کربلا گامے شاہ میں قائد ملت جعفریہ علامہ مفتی جعفر حسین مرحوم کے مزار اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادربھی چڑھائی ۔

انہوں نے مرحوم قائد کی ملی خدمات خاص طور پر عشر و زکات کے مسئلے پر ضیاء آمریت کے دوران شیعہ موقف کو تسلیم کروانے اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی بنیاد رکھنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔

علامہ شبیر میثمی نے آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی سے جامعةالمنتظر میں ملاقات کی ، ملی اور تنظیمی امور پران سے رہنمائی حاصل کی۔

حافظ ریاض حسین نجفی نے قائد ملت کی طرف سے نئی مرکزی کابینہ کی تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد شامل ہوئے ہیں جو تجربہ کار،بہادر اور میدان میں رہنے والے ہیں ۔

انہوں نے زور دیا کہ تنظیم کا پیغام گھر گھر پہنچنا چاہیے ۔شیعہ علماءکونسل کا تنظیمی نیٹ ورک مضبوط ہونا چاہیئے اور مساجد ،مدارس اورامام بارگاہوں سے روابط بڑھانے چاہیں۔

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے یاد دہانی کروائی کی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے لیے کہ وفاق المدارس کے بانی محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی کا کلیدی کردار رہا ہے اور تنظیم کے بانیوں میں سے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 1990ءکی دہائی میں کچھ شرپسند عناصر کی طرف سے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو علماءنے بڑھ کرقومی قیادت کے ہاتھ مضبوط کئے۔ملاقات میں علامہ محمد افضل حیدری قاری علامہ مرید حسین نقوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .