۲۹ اسفند ۱۴۰۲ |۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 19, 2024
یوم انہدام جنت البقیع، آئی ایس او طالبات کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ

حوزہ/ مقررین نے حکومتِ پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں ازواج رسول اکرمﷺ اور اہلبیت رسول (ص) سمیت صحابہ کرامؓ کے مزارات مقدسہ کی از سر نو تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،روضہ رسولﷺ اور جنت البقیع کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کے پس پردہ عناصر اقتدار کی ہوس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو بھی داؤ پر لگا چکے ہیں، اہلبیت اطہارؑ اور صحابہ کرامؓ کے مزارات کو منہدم کرنا دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی پریس کلب کے سامنے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ طالبات کے زیِر اہتمام آٹھ شوال یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں خواتین، طالبات سمیت بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور، آل سعود کی دہشتگردی مردہ باد سمیت جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں موجود اہلبیت رسولﷺ اور صحابہ کرامؓ کے مزارات مقدسہ کی ازسرنو تعمیر کے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکا اور اسرائیل نامنظور سمیت آل سعود کی دہشتگردی کیخلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ سن 1925ء میں اہل بیت رسولﷺ اور جلیل القدر صحابہ کرامؓ کے مزارات مقدسہ کو منہدم کرکے جس دہشتگردی کا آغاز کیا تھا، آج اسی دہشتگردی کے تحت ایک بار پھر وہی دہشتگرد کعبۃ اللہ اور روضہ رسول اکرمﷺ کو بھی نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ مسلمان بیدار ہیں اور دنیا کی کسی طاقت کو بھی خواہ وہ اندرونی ہو یا بیرونی طور پر دوبارہ تاریخ نہیں دہرانے دیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کعبۃ اللہ اور روضہ رسول (ص) کیلئے ملت جعفریہ کا بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں ازواج رسول اکرمﷺ اور اہلبیت رسول (ص) سمیت صحابہ کرامؓ کے مزارات مقدسہ کی از سر نو تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .