۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ محمد رمضان توقیر

حوزہ / علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اور انقلاب اسلامی ایران سے متاثر ہو کر دنیا کے مختلف ممالک کے باشعور اور حریت پسند مسلمانوں نے انقلاب اسلامی کی حمایت کی اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی ذات کو اپنے لئے رہبر اور رہنما تصور کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی 33 ویں برسی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ فقط ایک اعلیٰ فقیہ، عظیم مجتہد، جیّد مذہبی رہنما، مرجع تقلید اور مذہبی شخصیت نہیں ہیں بلکہ قابل تقلید سیاسی قائد، مثبت اور اعلیٰ تعمیری سیاست کے بانی، عالمی استعمار کی سازشوں کو بے نقاب کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ مسلمانوں کو اپنے نظریات اور عمل کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پرونے والے، عالم اسلام کو ان کے حقیقی مسائل کی طرف متوجہ کرنے والے، امت مسلمہ کو اس کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے چہرے شناخت کرانے والے اور دنیا کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر میدان میں ارتقاء کے مراحل طے کرنے کی مثال پیش کرنے والے عظیم انسان ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انقلاب اسلامی کی جدوجہد میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے 15 سالہ جلا وطنی کے باوجود اپنے ملک کے عوام کی تربیت اور رہنمائی اس انداز سے کی کہ بالآخر عوام اپنے حقوق حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب نے کہا: رہبر انقلاب ِاسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی سچی قیادت، اسلام سے والہانہ اور مخلصانہ وابستگی اور خالی دعووں کے بغیر حقیقی عملی جدوجہد کی وجہ سے ایران کے کروڑوں عوام ہزاروں قربانیاں دینے کے باوجود آپ کی قیادت میں متحد رہے۔بالآخر شاہ ایران کو اپنی بادشاہت اور تسلط سمیت ایران سے راہ فرار اختیار کرنا پڑی اورہزاروں سالوں سے مسلط بادشاہت کا نظام اس طرح زمین بوس ہوا کہ آج اس کی مٹی تک نہیں ملتی۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے مزید کہا: بعض طبقات اس خدشے کا اظہار کر رہے تھے کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ فقط ایک دینی عالم ہیں اور علماء کے پاس حکومتیں چلانے، نظام کو بحال رکھنے، امور مملکت انجام دینے اور دنیا کے ساتھ ساتھ چلنے کا سلیقہ نہیں ہوتا۔ اس لئے انہیں حکومت راس نہیں آئے گی اور بالآخر سابقہ قوتیں دوبارہ ایران کی مالک بن جائیں گی لیکن امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے داخلی حوالے سے ولایت فقیہ کے نظام کے تحت اور خارجی حوالے سے وحدت امت کے پیغام کے تحت اس انداز میں ایران کی ترقی اور انقلاب کے تحفظ کا آغاز کیا کہ ان کی زندگی میں ہی انقلاب اسلامی ایک مضبوط اور مستحکم انقلاب بن چکا تھا۔

آخر میں علامہ محمد رمضان توقیر نے عالم اسلام کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کی بلا تفریق فرقہ و مسلک ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اسلامی انقلاب کے تسلسل اور اسلامی معاشروں میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کو زیادہ سے زیادہ متعارف کرانے کے لئے کوششیں کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .