حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے محترمہ فاطمہ جناح کی 55ویں برسی کے موقع پر ایک پیغام میں کہا کہ قوموں کی ترقی میں خواتین کا ہمیشہ مرکزی کردار رہا ہے۔ پاکستان کو وجود میں لانے کے لئے محترمہ فاطمہ جناح بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ رہیں اور آخری دم تک قائد اعظم ؒ کے عظیم افکار کو زندہ رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو وجود میں لانے میں محترمہ فاطمہ جناح وہ شخصیت ہیں جو نہ صرف بابائے قوم کے شانہ بشانہ رہیں، بلکہ انتہائی مشکل ترین حالات میں بھائی کا ساتھ دے کر برصغیر میں پاکستان کے قیام میں اپنا ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور بعد ازاں مشکل ترین حالات کے باوجود جمہوری، اسلامی اور فلاحی ریاست کے قیام کی خاطر آخری دم تک جدوجہد کرتی رہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی55ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح روز اول سے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں اور قیام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مشکل حالات کے باوجود اپنے بھائی کا ساتھ چھوڑا نہ ہی ان کے نظریات سے انحراف کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قائد اعظم کی رحلت کے بعد بھی بہت سی مشکلیں آئیں مگر وہ اپنے موقف پر ڈٹی رہیں اور اپنے آخری ایام تک ان پر کاربند رہیں۔ وہ مادر ملت کے ساتھ مادر جمہوریت کہلانے کی بھی حقدار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو محترمہ کے افکار اور ان کی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہئے۔ اسلام اور پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا ایک بڑا کردار رہاہے جبکہ قوموں کی ترقی و خوشحالی میں بھی خواتین نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیاہے۔ پوری قوم کو بھی چاہئے کہ وہ ملک و قوم کی خدمت کےلئے ان کے کردار سے استفادہ کریں۔
آخر میں انہوں نے کہاکہ مادر ملت کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور مشعل راہ سمجھا جائےگا۔