حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں زائرین سے خطاب کے دوران حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری متعدد روایات میں امام زادگان کے لئے اہم اور نمایاں خصوصیات بیان ہوئیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ شہرِ مقدس قم کے ذمہ دار اور اس مقدس شہر میں زندگی بسر کرتے ہیں ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس مقدس شہر کی حرمت کا صحیح معنوں میں خیال رکھیں اور اس کی حفاظت کریں۔
استاد مؤمنی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عباس علیہ السلام، حضرت عبدالعظیم حسنی (ع)، حضرت علی اکبر (ع) اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے لئے جو فضیلتیں اور امتیازات بیان ہوئے ہیں ان سے ان امام زادوں کی عظمت اور فضیلت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ایرانی معروف خطیب نے مزید کہا کہ جو صفات اہل بیت علیہم السلام کی زبان مبارک سے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی شان میں بیان ہوئی ہیں وہ اپنے آپ میں منفرد اور بے نظیر ہیں۔ آنحضرت کی فضیلت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ تین معصوم اماموں علیہم السلام نے آپ کے روضہ کی زیارت کی تلقین فرمائی ہے۔
استاد مؤمنی نے کہا کہ ہمارے تین معصوم اماموں علیہم السلام کے فرمان کے مطابق، تمام شیعہ اس عظیم المرتبت خاتون کی شفاعت سے جنت میں داخل ہوں گے اور جنت اس عظیم خاتون کی زیارت کا صلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس عظیم المرتبت خاتون کے وجود کی برکت سے شہرِ مقدس قم کو ایک خاص اعزاز حاصل ہے، اسی لئے اس مقدس شہر سے تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم پوری دنیا میں بااثر ہیں۔
استاد سید حسین مؤمنی نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے مبارک وجود کی واضح اور روشن مثالوں میں سے ایک قم میں حوزہ علمیہ کی تاسیس اور علوم اہل بیت علیہم السلام کا پوری دنیا میں فروغ ہے۔
خطیبِ حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا نے کہا کہ خدا نے اس عظیم المرتبت اور اعلیٰ و ارفع درجے پر فائز خاتون کو عزت و کرامت سے نوازا ہے۔